لاہور قلندرز کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ضلع خوشاب میں ہو گا
لاہور قلندرز کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ضلع خوشاب میں ہو گا شاہین آفریدی اور حارث رؤف 21 نومبر کو کرکٹرز کے ٹرائلز لیں گے
خوشاب(نمائندہ دُنیا)اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان کی کاوشوں سے لاہور قلندرز کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ضلع خوشاب میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور قومی فاسٹ بالر حارث رؤف 21 نومبر کو جوہرآباد سپورٹس کمپلیکس، میلہ گراؤنڈ میں نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز لیں گے ۔اس سلسلے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا کے ہمراہ جوہرآباد کا دورہ کیا اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ضلع خوشاب کے نوجوانوں کو کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشاب کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے سامنے لانے کے لیے ایسے پروگرام اہم کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع ہو رہی ہے ، جبکہ لاہور قلندرز کی رجسٹریشن ٹیم آئندہ دو روز کے دوران ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں پہنچے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرے گی۔ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے نوجوان کرکٹرز سے اپیل کی کہ وہ ٹرائلز کے لیے بھرپور تیاری کریں اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments