کپیسٹی بلڈنگ سوسائٹیز کا منصوبہ عدم دلچسپی کے باعث فائلوں میں دب کر رہ گیا
منصوبے کے لیے سابقہ ادوار میں جاری 80 لاکھ کے فنڈز بھی مبینہ طور پر اصل مقصد کے بجائے مانیٹرنگ اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کر دیے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹ)سرگودھا کے سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کی ذہنی نشوونما، صلاحیتوں میں اضافے اور شخصیت سازی کے لیے قائم کی جانے والی کپیسٹی بلڈنگ سوسائٹیز کا منصوبہ عدم دلچسپی اور انتظامی مسائل کے باعث فائلوں میں دب کر رہ گیا ہے ، صوبائی حکومت کی ہدایات کے باوجود تعلیمی اداروں میں یہ سوسائٹیز فعال نہ ہو سکیں، جبکہ منصوبے کیلئے سابقہ ادوار میں جاری کیے گئے 80 لاکھ روپے کے فنڈز بھی مبینہ طور پر اصل مقصد کے بجائے مانیٹرنگ اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کر دیے گئے صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کیساتھ ان کی ذہنی، سماجی اور عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے کپیسٹی بلڈنگ سوسائٹیز کے قیام کی ہدایت کی تھی، تاکہ بچوں کو محض نصابی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں اعتماد، قائدانہ صلاحیت، باہمی تعاون، اظہارِ خیال، فیصلہ سازی اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد سکولوں میں ایسا تعلیمی ماحول پیدا کرنا تھا جہاں طلبہ اپنی پوشیدہ صلاحیتیں اجاگر کر سکیں، ٹیم ورک سیکھیں، اپنی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کریں اور عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں تاہم ایجوکیشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض سکولوں میں سوسائٹیز قائم تو کی گئیں مگر انہیں فعال بنانے کیلئے مؤثر سرگرمیاں، واضح لائحہ عمل اور مسلسل نگرانی کا نظام وضع نہ ہو سکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments