مذاکرات کیلئے شرائط طالبان کو نہیں حکومت کو رکھنی چاہئیں

مذاکرات کیلئے شرائط طالبان کو نہیں حکومت کو رکھنی چاہئیں

امریکا پاکستان میں امن نہیں چاہتا ، منورحسن، مذاکراتی عمل کو ہمیشہ سبوتاژ کیا گیا، اسلم بیگ، ہم فضول جنگ میں پھنس گئے ہیں ، حمید گل فوج کی واپسی سے مزید خونریزی ہوگی، حاجی عدیل، دہشت گردوں کو اسٹیک ہولڈر ز کہنا غلط ہے، فردوس عاشق، ظفرجھگڑا کابھی اظہارخیال

لاہور(فورم رپورٹ :رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) امریکی اور سیکولر لابی مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ،جب بھی مذاکراتی عمل آ گے بڑھتا ہے تو وہ قوتیں جو پاکستان میں امن نہیں چاہتیں کوئی نہ کوئی ایسی کارروائی کر دیتی ہیں جس سے مذاکراتی عمل کھٹائی میں پڑ جاتا ہے ، مذاکرات کیلئے شرائط طالبان کو نہیں حکومت کو رکھنی چاہئیں، فوج کی واپسی سے مزید خونریزی ہوگی،دہشت گردوں کو اسٹیک ہولڈر ز کہنا غلط ہے، ہم فضول جنگ میں پھنس گئے ہیں ۔ان خیالا ت کا اظہار مختلف سیاسی رہنماؤں اور دفاعی تجزیہ نگاروں نے دنیا فورم میں کیا۔جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کے عمل کو جو قوتیں آ گے نہیں بڑھنے دیتی ان کا سب کو پتا ہے ،حکومت کے پاس ایک مکمل انٹیلی جنس نیٹ ورک موجود ہے یہ پتا کرنا حکومت کا کام ہے کہ اگر میجر جنرل ثنا ءاللہ کی شہادت کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے تو یہ طالبان کا کونسا گروپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور سیکولر قوتیں کبھی بھی یہ نہیں چاہیں گی کہ پاکستان میں امن ہو اور پاکستان مذاکراتی عمل کی طرف جائے ۔جنرل (ر)اسلم بیگ نےکہا کہ جب بھی مذاکرات کی طرف جایا جاتا ہے تو یا تو ڈرون حملہ ہو جاتا ہے یا پھر اس قسم کا واقعہ ہو جاتا ہے جس سے مذاکراتی عمل سپوتاژ ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا ان سب کے پیچھے امریکا اور موساد ہیں ۔مسلم لیگ ن کے رہنما ظفر اقبال جھگڑا نےکہا کہ پاک آ رمی کے میجر جنرل کو شہید کرنا مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی ایک سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد پوری قوم میں غم اور غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ میجر جنرل کی شہادت میں وہی قوتیں ملوث ہیں جومذاکرات کو ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم کمزوری دکھا کر مذاکرات کا کہیں گے تو طالبان ہمیں ڈکٹیٹ کریں گے ،دہشت گرد وں کو اسٹیک ہولڈرز کہنا غلط ہے ،جن کو جہاد کا شوق ہے وہ افغانستان میں جا کر امریکا کے خلاف جہاد کریں ۔ جنرل (ر)حمید گل نے کہا کہ یہ جو کارروائی کی گئی ہے اس میں امریکا اور بھارت ملوث ہیں جو مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان میں ڈرون حملے کئے اور نتیجہ کے طور پر ہم ایک فضول قسم کی جنگ میں پھنس کر رہ گئے ہیں ۔اے این پی کے رہنما حاجی عدیل نے کہا اگر مذاکرات کرنے ہی تھے تو حکومت کو کہنا چاہئے تھا کہ پہلے آ پ سیز فائر کریں پھر ٹیبل ٹاک ہو گی ، شرائط طالبان کو نہیں بلکہ حکومت کو رکھنی چاہئیں تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کہتی ہے کہ فوج کو واپس بلا لینا چاہئے اگر ایسا کیا گیا تو مزید خونریزی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ذہنوں سے یہ فتور نہیں ختم ہو رہا کہ ان سب کے پیچھے امریکا ہے ہمیں اپنے ذہنوں سے اس فتور کو ختم کرنا ہو گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں