بھارت میں غذائیت سے بھرپور رنگ برنگی مکئی تیار
ممبئی(نیٹ نیوز)بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع سیکر کے کسان نے غذائیت اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور کثیر رنگی بھٹے کی منفرد قسم تیار کر لی۔پپرالی گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان سنجے یادو نے قدرتی اور نامیاتی کاشت کاری کے ذریعے خود کفالت کی نئی راہیں دکھائی ہیں سنجے یادو کے مطابق میں نے سوچا کہ کیوں نہ ایسی مکئی تیار کی جائے جو دیکھنے میں بھی منفرد ہو اور غذائیت سے بھی بھرپور ہو۔
انہوں نے سفید، پیلی، ہلکی سرخ اور گہری سرخ مکئی کی مختلف اقسام کے بیجوں کو آپس میں ملا کر ایک نئی کثیر رنگی مکئی تیار کی، اس مکئی کے بھٹوں میں سفید، پیلے اور سرخ رنگ کے دانے شامل ہیں۔ظاہری دلکشی کے ساتھ ساتھ یہ مکئی اینٹی آکسیڈنٹس اور ضروری غذائی اجزا سے بھی بھرپور ہے ، سنجے یادو نے اس مکئی کو براہِ راست مارکیٹ میں فروخت کیا، جہاں ایک بھٹہ 200 بھارتی روپے تک میں فروخت ہوا۔