الیکشن کمیشن کے پاس پیپرز کا ریکارڈ نہ ہونے کا انکشاف

الیکشن کمیشن کے پاس پیپرز کا ریکارڈ نہ ہونے کا انکشاف

پنجاب 70، سندھ 32، خیبر پختونخوا 19 اور بلوچستان کے 8 حلقے شامل ، ریٹرننگ افسران نےایک سال بعد بھی تفصیلات نہیں بھجوائیں میاں نواز شریف، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمن، سردار ایاز صادق ، جاوید ہاشمی، عارف علوی، فاروق ستارا ور دیگر کے حلقے شامل ہیں

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں )الیکشن کمیشن کے پاس 139 حلقوں کے بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ایک سال گزرنے کے بعد بھی ریٹرننگ افسران نے تفصیلات الیکشن کمیشن کو ارسال نہیں کیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے 139 حلقوں کے فارم 15 الیکشن کمیشن کو بھجوائے ہی نہیں گئے، فارم 15میں ہر پولنگ اسٹیشن پر استعمال، ضائع اور بچ جانے والے بیلٹ پیپرز کی تفصیل ہوتی ہے۔ان میں پنجاب کے 70، سندھ کے 32 ، خیبر پختونخوا کے 19اور بلوچستان کے 8حلقے شامل ہیں۔ سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے متعلقہ فارمز ویب سائٹ پر ڈالنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم ایک سال بعد بھی فارم ویب سائٹ ہی نہیں امیدواروں کی پہنچ سے بھی دور ہیں۔انتخابات کی مشاہدہ کار تنظیم فافن کے مطابق مذکورہ حلقوں میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مولانا فضل الرحمن، سردار ایاز صادق، جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، عارف علوی، زاہد حامد، خواجہ سعد رفیق، عابد شیرعلی، فاروق ستار، نبیل گبول، شیخ روحیل اصغر، وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر سمیت کئی دیگر اہم نام شامل ہیں-

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں