ملکی سیاست اور معیشت پر کشمیر غالب آگیا ، تھنک ٹینک
بھارت کو پہلی بار دنیا میں دھچکا لگا،ایاز امیر ،عمران خان بہادر اور دیانتدار ہیں ،خاور گھمن جب ایک بندہ نیب کے ہتھے چڑھ جائے تو اسکا وہاں سے نکلنا آسان نہیں ہوتا، حسن عسکری تحریک انصاف کا کارکن آج سب سے زیادہ مایوس ، حکومت کو ہی جواب دینا ہو گا ، سلمان غنی
لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کارایاز امیر نے کہاہے کہ بھارت کو پہلی بار دنیا میں دھچکا لگاہے لیکن پاکستان میں کارکردگی کا فقدان ہے ،اس وقت سارے کارڈز بھارت کے پاس ہیں۔ دنیا نیوزکے پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ملک سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات نہیں کرے گا، بھارت کو ئی ایسا کام نہیں کرے گا جس سے پاکستان کو تھوڑی سی بھی پذیرائی ملے ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور معیشت پر کشمیر غالب آگیا ہے اور یہ بات حکومت کے فائدے میں گئی ہے ۔ویراعظم اور وزرا اس وقت صرف کشمیر کی بات کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ یقیناً کشمیر ایک قومی ایشو ہے لیکن ہمارے معاشی اعداد و شمار خطرناک حد کو چھو رہے ہیں ۔اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو آگ لگی ہوئی ہے ۔بے روزگاری کا رحجان بڑھ رہا ہے ، ہم ا یک بارود کے ڈھیر پر کھڑے ہیں ۔آنے والے وقت میں جوابدہ حکومت کو ہی ہونا پڑے گا ۔آج تحریک انصاف کے کارکن سب سے زیادہ مایوس ہیں ۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ مسئلہ دونوں طرف ہے ،اس وقت اپوزیشن کو شدید مسائل درپیش ہیں ،اپوزیشن رہنما نیب کیسز میں پھنسے ہوئے ہیں ، ایک دفعہ جب ایک بندہ نیب کے ہتھے چڑھ جائے تو اس کا وہاں سے نکلنا آسان نہیں ہوتا ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بہادر اور دیانتدار ہیں ،شہباز شریف منظر سے بالکل غائب ہیں۔شاہد خاقان عباسی نیب کی حراست میں ہیں ۔خواجہ آصف اتنی بڑی پارٹی کو لیڈ نہیں کرسکتے ،احسن اقبال کچھ جذباتی ہیں ،دیکھیں آنے والے دنوں میں پارٹی کو کون لیڈ کرتا ہے ،ہوسکتا ہے چودھری نثار آجائیں۔