مہنگائی 14.48 فیصد تک پہنچ گئی، سیاسی جماعتوں کے مظاہرے

مہنگائی 14.48 فیصد تک پہنچ گئی، سیاسی جماعتوں کے مظاہرے

پی ڈی ایم کا جین مندر چوک میں مظاہرہ ،ن لیگ اور جے یوآئی کارکنوں کی بھرپورشرکت، خواتین نے روٹیاں اٹھا رکھی تھیں ، قصور ، شیخوپورہ ،ملتان، کراچی میں بھی احتجاج ، پیپلز پارٹی کے کراچی،اوکاڑہ،جماعت اسلامی کے گوجرانوالہ و دیگرشہروں میں مظاہرے ، اے این پی ، قومی وطن پارٹی ، بی این پی کی ریلیاں ،ایک ہفتے میں مہنگائی 1.38 فیصد بڑھی:ادارہ شماریات

لاہور ، اسلام آباد ،مری، کراچی ، پشاور (اپنے سیاسی رپورٹر سے ، اپنے کامرس رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ، نمائندہ دنیا ، نیوز ایجنسیاں )اپوزیشن جماعتوں نے مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف ملک گیر مظاہرے شروع کر دیئے ۔کراچی، لاہور، اسلام آباد ، کوئٹہ، پشاور ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، چمن، مہمند سمیت مختلف شہروں میں مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں سراپا احتجاج رہیں ۔ پی ڈی ایم نے جین مندر لاہور میں سہ پہر تین بجے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ،لیگی کارکنوں نے یوٹیلیٹی بلز اور روٹیاں اٹھا رکھی تھیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کر دیا، پاکستان کو ان نالائقوں، نااہلوں اور اداروں کو تباہ کرنے والے حکمرانوں کے ہاتھ یرغمال نہیں رہنے دیں گے ۔ اناڑیوں نے ملک کواجاڑکر رکھ دیا اب حکمرانوں کو گھر بھیجنے کے لئے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا،جب ووٹ کی بے حرمتی کی جائے گی تو قوموں اور معاشروں سے ایسی ہی آواز آئے گی۔ مرکزی مہرہ عمران خان تھے کبھی مذہب کارڈ کبھی حب الوطنی اور چار حلقوں کا رونا ،وہ چار حلقے کل بھی ہمارے پاس تھے اب بھی ہمارے پاس ہیں۔ ملک اناڑیوں کو دیدیا گیا ،ہمیں چور بنایا ملک کو تباہی پر لا کھڑا کیا،سی پیک کو بند کر دیا گیا ۔تم نے بویا وہ کیا کاٹنا نہیں تھا،جس نے یونین کونسل نہ چلائی اسے ایٹمی ملک سپرد کر دیا گیا، اب حکمرانوں کا مقدر جیل ہے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں جتنی مہنگائی ہوچکی ہے اب حکمرانوں کی رخصتی ضروری ہے ،روزمرہ استعمال کی تمام اشیا مہنگی نہیں بہت مہنگی ہو گئی ہیں ۔ حکمران خود کو اوراپنے وزرا کو بچانے کے لئے قانون میں ترامیم کررہے ہیں اب گونیازی گو سے کام نہیں چلے گا عوام کو عملی طور پرکچھ کرنا ہوگا اوران حکمرانوں کو جیل بھجوانا ہوگا،وزیر اعظم اب آپکو جیل کی تیاری کرنی چاہئے کیونکہ مقدر جیل ہے ،پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما مولانا امجد خان نے کہا کہ مہنگائی کا عفریت عوام کی خوشیا ں نگلتا جا رہا ہے ،حکومت نے عوام سے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ،معاشی نظام آئی ایم ایف کے سپرد کر دیا گیا۔مظاہروں اور جلوسوں کے بعد مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف اور دیگر کی قیادت میں اسلام آباد بھی جائیں گے ، عوام تیاری کریں اب ا لیکشن قریب تر ہیں۔ادھر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کاروباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔ شہباز شریف نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صوبائی اور اضلاع کے صدور کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے ۔ کراچی کی مصروف ایمپریس مارکیٹ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے تحت مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سیکر ٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جنات اورخلائی مخلوق آمنے سامنے آچکے ہیں،سلیکٹڈ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے ،جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی،ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں،یہ ہمارا عزم ہے کہ یہ احتجاج تب تک ہوتے رہیں گے جب تک اس سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ نہیں ہوتا۔ پی ڈی ایم کے مرکزی رہنماء شاہ اویس نورانی نے کہاہے کہ ملک حالت جنگ جبکہ حکمران حالت بھنگ میں ہیں، چینی آٹا چور وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، ہمارے ووٹ چوری کرکے انھیں دئیے گئے ،سٹیٹ بینک کا ڈاکو گورنر الٹے سیدھے بیانات لندن میں دے کر عوام کی توہین کر رہا ہے ۔ ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، جمعیت علمائے اسلام ف اور مسلم لیگ نواز گروپ کے زیر اہتمام تحصیل چا غی بازار میں احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا ۔ادھر استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ نون استور کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مہنگائی کے خلاف مظاہرے کے باعث گلگت راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل رہی ۔سکھر میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے گھنٹہ گھرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔لاڑکانہ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا۔چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ اب گھبرانے کا وقت آ چکا ہے ، اگر آج بھی قوم نہیں گھبرائے گی تو مہنگائی کا سونامی قوم کو لے ڈوبے گا۔عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی و بے روز گاری کے خلاف صوبہ گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ، 25 اکتوبر کو صوبے کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔مسلم لیگ ن فیروزوالہ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے مہنگائی نا منظور ،بے روزگاری نامنظور جیسے نعرے لگائے ۔مظاہرین کی بھاری تعداد ہونے کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔مسلم لیگ ن قصور نے لاہو ر ڈویژن کے صدر وسیم اختر شیخ اور سعد وسیم شیخ ایم این اے کی قیادت میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔کارکن جلوس کی شکل میں شہباز روڈ قصور سے مسجد نور چوک تک گئے ۔قصور میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔ شیخوپورہ ، ملتان میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔قبل ازیں پیپلز پارٹی نے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کراچی میں ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سمیت اہم رہنما شریک ہوئے ۔مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے دعوے زمین بوس ہوچکے ہیں جبکہ تبدیلی سرکار عوام کی جان چھوڑ دے ۔دوسری طرف پیپلز پارٹی نے بھی احتجاجی مظاہرے کئے ۔ جیکب آباد میں پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیااور دھرنا دیاگیا ، وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا ۔ مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ زاٹھائے ہوئے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے ، پیپلز پارٹی تحصیل مری وسٹی کے زیر اہتمام ملک میں مہنگائی،بیروزگاری ،ڈوبتی ہوئی معیشت اورحکمرانوں کی نااہلی کیخلاف لوئر بازار سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔پیپلزپارٹی اوکاڑہ کے رہنماوسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چودھری سجادالحسن کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرے میں خواتین بھی شریک تھیں ، شرکاء نے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی کا آسیب پاکستان کی خوشحالی کو نگل چکا، پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کے سبب عام آدمی مسائل کی چکی میں پس رہا ہے ،صورتحال کے ذمہ دار عمران خان ہیں جبکہ صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے ۔ ملک کے کونے کونے میں پی پی پی کی تنظیم کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد خوش آئند عمل ہے ، عمران خان قوم کے مجرم ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت آج عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پِس رہا ہے ۔پشاورمیں جماعت اسلامی ،قومی وطن پارٹی اورجمعیت علمائے اسلام کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے ،مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔پشاورکے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع سوات اورشانگلہ میں بھی مہنگائی کے خلا ف احتجاج کیاگیا۔ پی ڈی ایم میں شامل مری کی جماعتوں کے زیراہتمام مال روڈ مری پر زبردست احتجاجی مظاہر ہ کیاگیا جس میں مسلم لیگ ،جے یو آئی تحصیل کے قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔فضا ئیں گو نیازی گو اور سلیکٹڈ حکومت نامنظور کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ مظفرگڑھ میں جامع مسجد شہر والی (مین سٹی) سے ریلی نکالی گئی، مری مال روڈ پر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت بھی احتجاج کیا گیا، جھنگ میں وقار سی این جی پمپ ایوب چوک میں احتجاج کیا گیا۔ پشاورمیں جماعت اسلامی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ جمعیت علمائے اسلام پی کے 72 کے زیراہتمام مہنگائی ،بے روزگاری اور ٹیکسوں کے خلاف پشتخرہ چوک رنگ روڈ پر مظاہرہ کیا گیا ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پرمہنگائی کیخلاف اعلان کردہ مظاہروں کے سلسلے میں سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ کے زیر اہتمام شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ سے سیالکوٹی دروازے تک ریلی بھی نکالی گئی ۔علامتی جنازہ اقبال ٹائون سے نکالا گیا۔ جماعت اسلامی نوشکی کی جانب سے ضلعی امیر حافظ مطیع الرحمن مینگل کی سربراہی میں میر گل خان نصیر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں جمعیت علمائے اسلام، بلوچستان نیشنل پارٹی،نیشنل پارٹی اوستہ محمد کے زیراہتمام مہنگائی، لاقانونیت اور حکمرانوں کی نااہلی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) اورمسلم لیگ نواز گروپ کے زیر اہتمام تحصیل چاگئے بازار میں پی ڈی ایم کی کال پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ اسلام آباد(نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید 1.38 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح 14.48 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ۔7اشیا کی قیمتوں میں کمی اور15اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات بیورو کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آلو، ٹماٹر، گھی سمیت 29 اشیائے خوردونوش مہنگی ہو ئیں ، ٹماٹر 27 روپے 56 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جس سے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 66 روپے سے بڑھ کر 94 روپے ہو گئی ۔آلو 1 روپیہ، چینی 42 پیسے ، لہسن 5 روپے اور ڈالڈا گھی 6.67 روپے فی کلو مزید مہنگا ہو گیا، انڈوں کی فی درجن قیمت میں 2.17 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی درجن قیمت 168.19 روپے سے بڑھ کر 170.40 روپے تک پہنچ گئی، ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 154.15 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد سلنڈر 2167.31 روپے سے بڑھ کر 2321.46 روپے کا ہو گیا، دال ماش 29 پیسے کلو اورتازہ دودھ 46 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا ، گزشتہ ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کمی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 258 روپے سے کم ہو کر 252.16 روپے ہو گئی ، پیاز 39 پیسے ،دال چنا 3پیسے ،دال مسور 60 پیسے کلو سستی ہوئی ، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 1198.41 روپے سے کم ہو کر 1196.22 روپے کا ہوگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں