ہمارے کام بولتے ہیں، ترقی کے سفر میں ہر شہر اور گائوں شریک : بزدار

ہمارے کام بولتے ہیں، ترقی کے سفر میں ہر شہر اور گائوں شریک : بزدار

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں اب ہر شہراورہر گاؤں شریک ہے ۔

ماضی میں عوام کومحض دھوکے اوردلاسے دیئے گئے ۔ ہمارے کام بولتے ہیں ۔ پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ۔وزیراعلیٰ سے سید علی رضا گیلانی نے ملاقات کی، سید علی رضا گیلانی نے دیپالپور کو ضلع بنانے کی درخواست کی جس پر عثمان بزدار نے تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے برفباری اوربارشوں کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ،ریسکیو1122اورپی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری اور رابطہ سڑکوں سے فوری طور پر برف ہٹانے کا بندوبست کیا جائے ۔ سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہونی چاہیے اور مری میں گاڑیوں کی مقررہ تعداد سے زیادہ آمد پر پابندی یقینی بنائی جائے ۔

غفلت قطعا برداشت نہیں کروں گا ۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بارش کے پیش نظر پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے ۔ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی متحرک نظر آنا چاہیے ۔ ادھر عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔کو آپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925میں 24 ترامیم کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں لینڈ ریکار ڈکی کمپیوٹرائزیشن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بارانی علاقوں کیلئے بلاسود ٹریکٹر سکیم لانچ کرنے کاحکم دیا اور ہدایت کی کہ لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کئے جائیں۔

اجلاس میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک میں ضروری خالی اسامیوں پر بھرتی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ریگل چوک میں 4کنال اراضی پر کمرشل بلڈنگ پارکنگ پلازہ بنانے کی تجویز اورواگزار اراضی سیاحت کیلئے استعمال کرنے پربھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیپارٹمنٹ کی 60ارب روپے مالیت کی36پراپرٹیز واگزار کرائی گئی ہیں۔112قیمتی پراپرٹیزکوبہتر استعمال کیلئے پیش کیا جائیگا ۔ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے پنجاب میں 21فارم سروسز سینٹر بحال کئے جارہے ہیں۔ 1ارب53کروڑ کے قرضوں سے 98.7فیصد وصولیاں کرچکے ۔ 232ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری کو آپریٹواوردیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں فنکار نسیم وکی اور آغا ماجد کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور کہا ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں جبکہ سی پی او فیصل آبادغلام مبشر میکن نے نسیم وکی سے ملاقات بھی کی ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں