صدر کا چینی سفارتخانے کا دورہ، شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت

صدر کا چینی سفارتخانے کا دورہ، شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت

اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔چینی سفیر نے سفارت خانے آمد پر صدر کا استقبال کیا، صدر مملکت نے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے ، دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آصف زرداری نے کہا پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ دہشت گرد حملہ ، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے ۔یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔چینی سفیر نے تعزیت کے لئے ذاتی طور پر سفارتخانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداددہشت گردی میں تعاون بڑھانے ، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چینی سفیر نے کہا دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کو پکڑنے کی ضرورت ہے ۔ چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے ، سی پیک اور دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں