شہباز شریف کے مسلمان عالمی رہنماؤں کو فون:عید کی مبارکباد،فلسطین کی صورتحال پر تشویش،مشترکہ چیلنجز سے ملکر نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

شہباز شریف کے مسلمان عالمی رہنماؤں کو فون:عید کی مبارکباد،فلسطین کی صورتحال پر تشویش،مشترکہ چیلنجز سے ملکر نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ، لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ، سپیشل رپورٹر )وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلمان عالمی رہنماؤں کو ٹیلی فون کئے ہیں اور ان کو عید کی مبارک باددی ، وزیر اعظم نے فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی رہنماؤں سے مشترکہ چیلنجز سے ملکر نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ترکیہ دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعظم  اور ترک صدر نے خطے اور عالمی امن و استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین بالخصوص غزہ کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان اور ترک صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی وہ فلسطینیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے کوششوں کو دگنا کرے ۔ دونوں رہنماؤں نے چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی قومی مفادات کی حمایت کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ادھر وزیراعظم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے عید الاضحی کے موقع پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا ۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کیلئے بحرین کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کیلئے احترام اور نیک خواہشات پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کی غرض سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 2014میں شاہ حماد کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے شاہ بحرین کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دوسری طرف شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کے درمیان اتوار کے روز ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد دی اور اس پرمسرت موقع پر دونوں ممالک کے عوام کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنما ئوں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجوں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے رواں سال کے آخر میں باکو میں ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیزکوپ 29 کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد پیش کی اور اس کانفرنس میں شرکت کی ذاتی دعوت دینے پر صدر علی یوف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے نیز دونوں رہنماؤں نے اس امر کو خصوصی طور پر سراہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کو مستقل اور مضبوط حمایت فراہم کرتے ہیں۔وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر صدر علی یوف نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد دی۔دونوں ممالک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تاجکستان کے صدر امام علی رحمن نے بھی شہبازشریف کو مبارک باد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائو ں نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، جب کہ تجارت، توانائی اور رابطوں کے ذریعے تعلقات بڑھانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے آستانہ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہی اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا، جب کہ مسلم دنیا کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں اور ایران کی حکومت اور قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ شہباز شریف نے ایران کی حکومت اور برادر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تمام اہداف کے حصول کے لیے پورے عزم کے ساتھ کام کرنے کے لیے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا جیسا کہ ہم نے ایران کے مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران کیا تھا، میں ایران میں جمہوریہ کی کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔دوسری طرف عید الاضحی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قربانی کا جذ بہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے ۔انہوں نے عید الاضحی اور عظیم اسلامی عبادت حج بیت اﷲ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اﷲ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور اطاعت کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی کی خاطر سر تسلیم خم کرنے کا یہ عمل بارگاہ الٰہی میں اتنا محبوب ہوا کہ اسے تا قیامت امت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔

انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔ محمدشہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں،میری اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہم کنار اور جذبہ ایثار و قربانی پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رہائش گاہ ماڈل ٹا ئون میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی ، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عید الاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ،ملاقات میں صوبہ پنجاب کے امور پر بات چیت بھی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں