شہباز شریف 150 بسوں کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں،شرجیل میمن

شہباز شریف 150 بسوں کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں،شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت سندھ کے ساتھ 150 بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، ان سے گزارش ہے کہ اپنا وعدہ پورا کریں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جلد نئے روٹ شروع کئے جائیں گے ، کراچی ،لاڑکانہ اور حیدر آباد کے بعد نواب شاہ میں بھی بسیں چلنا شروع ہوجائیگی، شہید بے نظیر آباد میں اسی ہفتے سے پیپلز بس سروس شروع ہو جائیگی، ہاکس بے سے ٹاور تک روٹ اگلے ہفتے سے شروع کیا جائیگا، چھتیس کلو میٹر طویل روٹ شروع کریں گے جو سعدی ٹاؤن سے ٹاور تک چلے گا، لیاری چاکیواڑہ میں پچھلے ہفتے روٹ شروع کیا گیا ہے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ وفاقی بجٹ کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ پورے پاکستان میں اب پنک بس سروس چلے گی، یہ خیال دراصل پیپلز پارٹی کا تھا،اب کوئی بھی جعلی نمبر پلیٹ کے ساتھ پکڑا گیا تو جیل بھیجا جائے گا،موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی جارہی ہے جس کے بعد صوبے میں کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی نہیں چل سکے گی، شو روم سے گاڑی تب تک نہیں نکلے گی جب تک وہ رجسٹرڈ نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کو دس لاکھ کا جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے 29 جون کو پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کی جائے گی، منشیات کے خلاف سخت ایکشن لیے جا رہے ہیں،عوامی شکایات کے لئے فون نمبر بھی جاری کیا ہے اگر کوئی بھی نشہ کرنے والوں کی شکایت اس نمبر پر دیگا توریپڈ رسپانس فورس آ کر اس شخص کو لے جائیگی، لوگ شکایات 021.111374634 پر درج کروا سکتے ہیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ نیب کے سب سے بڑے بینیفیشری عمران خان اور ان کی ہمشیرہ علیمہ خان ہیں، آصف علی زرداری نے 12 سال قید کاٹی مگر کبھی ملک کے خلاف کوئی بات نہیں کی، عمر ایوب کو معلوم ہی نہیں کہ پیپلز پارٹی میں کوئی بھی نیب کا بینیفیشری نہیں،ہماری قیادت جھوٹے نیب کیسز میں عدالتوں سے با عزت بری ہوئی جبکہ شہزاد اکبر ملک سے فرار ہیں اور فائلیں بھی ساتھ لیکر گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اگر وزیر اعظم سے اسکیمیں مانگتے ہیں تو اس میں انکا ذاتی فائدہ نہیں عوام کا فائدہ ہے ۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ کسٹم کا قانون ہے جو گاڑیاں وہ اسمگل کی ہوئی پکڑتے ہیں تو عارضی نمبر پلیٹس لگا کر چلائی جاتی ہیں، کسٹم کے افسران سے اسمگل کی ہوئی گاڑیوں کا ڈیٹا بھی مانگا ہے ، ہم نے سینئر بیوروکریٹس کے خلاف بھی کارروائیاں کی ہیں، پولیس کی جعلی نمبر پلیٹس بھی گاڑیوں پر لگائی جاتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں