سینیٹ: تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم، موٹرسائیکلوں کیلئے سستا پٹرول:128 سفارشات اسمبلی کو ارسال

سینیٹ: تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم، موٹرسائیکلوں کیلئے سستا پٹرول:128 سفارشات اسمبلی کو ارسال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے اور موٹرسائیکلوں کیلئے سستے پٹرول کی سفارش کردی۔

ایوان میں نئے فنانس بل 2024 کے حوالے سے 128 سفارشات پیش کی گئیں جو قائمہ کمیٹی خزانہ کی سفارش پر قومی اسمبلی کو بھیج دی گئیں۔سفارشات میں کہا گیا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے ، جبکہ موٹر سائیکل طبقے کو ریلیف دینے کے لیے سستے پٹرول کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ سینیٹ نے خیراتی ہسپتالوں کو طبی آلات اور ادویات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے ، تعمیراتی شعبے کیلئے 2019ء کا ٹیکس رجیم بحال کرنے اور تعمیراتی شعبے پر عائد ٹیکس ختم کرنے کی سفارش بھی کی ۔ ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں 50 فیصد کمی کرنے ، ڈائریکٹ ٹیکس میں اضافہ کرنے ، فاٹا اور پاٹا میں لوکل سپلائی پر ٹیکس چھوٹ 30 جون 2025 تک دینے ، کمپنیوں کے بغیر نوٹس اکاؤنٹ بلاک کرنے کا قانون ختم کرنے اور سیلز ٹیکس میں 1300 ارب روپے اضافے کی تجویز واپس لینے کی سفارش بھی کی ۔ نیوز پرنٹ پر 10 فیصد جی ایس ٹی کی تجویز واپس لینے ، بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام شروع کرنے ، مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 45 ہزار روپے مقرر کرنے اور 660 سی سی تک کی کاروں پر الیکٹرک گاڑیوں کی طرح زیرو کسٹمز ڈیوٹی مقرر کرنے کی سفارش بھی کی گئی ۔ ایوان بالا نے بجٹ پر قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے 35 ہزار سے زیادہ کی ٹرانزیکشنز کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے لازمی قرار دینے کی سفارش کی ہے جبکہ سولر پینل کی درآمد اور مینوفیکچرنگ پر یکساں سیلز ٹیکس کی سفارش بھی کی گئی ۔ 8 سٹیشنری آئٹمز پر عائد سیلز ٹیکس واپس لینے ، مارکیٹ میں فروخت ہونے والی تمام اشیاء پر قیمت شائع کرنے ، زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے ، پولٹری خوراک پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی تجویز واپس اور خیراتی اداروں کے نام پر ٹیکس چھوٹ لینے والی تنظیموں کی نشاندہی کی سفارش بھی کی گئی ۔ ایوان بالا میں عزم استحکام آپریشن کے خلاف تحریک انصاف کے سینیٹرز نے شدید احتجاج ، واک آئوٹ اورچیئرمین ڈائس کاگھیرا ئوکیا ،سینیٹرز نے آپریشن نامنظور کے نعرے لگائے ، سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ ہمیں ملکی معیشت اور بجٹ تیاری میں کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی۔ ہمیں ملکی معیشت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ،تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر اتفاق کرنا چاہیے ،اگر ایسا نہ کیا گیا تو آنے والا وقت مزید مشکل ہو گا۔ فیصل واڈا نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہونے جا رہا ہے اور ہو کر رہے گا ،ہم سب کو لبیک کہنا ہو گا۔ڈنکے کی چوٹ پر بجٹ پاس ہو گا ، نجکاری بھی ہو گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سینیٹ کی سفارشات پر مثبت غور کیا جائیگا۔سینیٹ میں قائدحزب اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ استحکام حاصل کرنے کے لئے آپریشن نہیں استحکام لانے والی چیزیں چاہئیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہ ہو؟۔ اے این پی کے ایمل ولی خان نے عزم استحکام آپریشن کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ گڈ اور بیڈ کی تمیز سے باہر نکلا جائے ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے مشکل وقت میں ایک اچھا بجٹ پیش کیا ہے ،سینیٹ کی سفارشات پر مثبت غور کیا جائے گا۔ادھرقومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی سوات واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد منظورکر لی گئی جبکہ اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤ ٹ کیا۔بعدازاں سینیٹ کا اجلا س آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں