سرگودھا کی عدالت سے وارنٹ جاری:اپوزیشن لیڈر کے گھر اسلام آباد میں چھاپہ،مجھے گرفتار کرنے کیلئے حکومت بے چین:عمر ایوب

سرگودھا کی عدالت سے وارنٹ جاری:اپوزیشن لیڈر کے گھر اسلام آباد میں چھاپہ،مجھے گرفتار کرنے کیلئے حکومت بے چین:عمر ایوب

اسلام آباد (دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ایف 10 والی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہو سکے ۔

واضح رہے کہ پولیس کو عمر ایوب انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔دوسری جانب عمر ایوب خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اے ٹی سی سرگودھا کی جانب سے میرے خلاف قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس پر اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے میرے گھر چھاپہ مارا ہے ۔رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ فارم 47 والی وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ایجنسیاں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے لیے بہت بے چین ہیں۔واضح کر دوں بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم بننے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ادھر عمر ایوب نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت میری گرفتاری کے لیے بے تاب ہے ۔ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں واقع میرے گھر پر اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ وہ بلا شبہ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم نہیں بن جاتے ۔سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے عمر ایوب کے خلاف 50 ہزار مالیت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے پولیس کو انہیں عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے عدم حاضری پر پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی تھی۔ عمر ایوب کے خلاف نو مئی کے واقعات سے متعلق میانوالی میں ایک مقدمہ درج ہے ۔ادھر ترجمان تحریک انصاف نے عمر ایوب کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ۔میانوالی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے گھر پر چھاپے کی تردید کی ہے ۔ میانوالی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر خبر وائرل ہے کہ ڈسٹرکٹ میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے گھر پر ریڈ کیا۔انہوں نے کہا کہ میانوالی پولیس اپوزیشن لیڈر کے گھر پر ریڈ اور چھاپے کی مکمل تردید کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں