ایک شخص کو لانے کیلئے ججوں نے آئین دوبارہ تحریر کیا،حکومت5سال پورے کریگی:مریم نواز

ایک شخص کو لانے کیلئے ججوں نے آئین دوبارہ تحریر کیا،حکومت5سال پورے کریگی:مریم نواز

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،اے پی پی ، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام پیدا کرنے کی شکل ہے ،سپریم کورٹ کے ججز نے ایک شخص کو لانے کیلئے آئین دوبارہ تحریر کیا۔

 جو نہیں مانگا گیا وہ عطا کر دیا،حکومت 5سال پورے کریگی،سپریم کورٹ کے ججز سے عرض ہے اس ملک کو چلنے دیں۔ وزیراعلیٰ نے بڑے شہروں میں ماڈل بازار بنانے کا اعلان کیا اور کہا 36 ماڈل بازاروں میں مفت آن لائن ڈلیوری کاآغازکردیا گیاہے ۔ وہ ٹاؤن شپ میں ماڈل بازاراپ گریڈیشن، فری ہوم ڈلیوری پراجیکٹ، فری ہوم ڈلیوری ایپ اور سولرائزیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کو مشکل فیصلے کرنے پڑے کیونکہ پچھلے دور حکومت میں اکانومی کو بدحال کیا گیا۔ ہمیں ترقی کرتا ہوا نہیں بلکہ تنزلی کی طرف جاتا ہوا پاکستان ملا۔اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے آئی ایم ایف کو دوبارہ دعوت دی۔ انہو ں نے کہا بجلی کے بل بڑھے ہیں توپنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سولر منصوبہ شروع کیا۔ 200 یونٹ تک فری اور 200 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو آسان اقساط میں سولر سسٹم ملے گا۔ انشاء اللہ ہمیشہ کے لیے عوام کو مہنگے بلوں سے نجات دیں گے ، اللہ کا شکر ہے مہنگائی کم ہورہی ہے ۔ مریم نواز نے کہا مسلم لیگ (ن)آئی ہے تو سٹاک مارکیٹ انڈیکس 82 ہزار پر پہنچ گیا، جب عوام پر ٹیکس لگتا ہے تو بہت تکلیف ہوتی ہے ، جب ملک میں بہتری آتی ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف ہونے لگتی ہے ۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام کی شکل نہیں تواور کیا ہے ، ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا ، جو نہیں مانگا گیا وہ عطا کر دیا، کہا گیا تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرو،جو جماعت پارلیمنٹ میں موجود ہی نہیں۔

سپریم کورٹ نے لکھا پہلے بیان حلفی قبول نہیں، فلور کراس کرنے کی تلقین کی گئی ۔ انہوں نے کہا اگر کسی نے ترقی میں رخنہ ڈالنے اور عدم استحکام کی کوشش کی تو اسکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ فیصلے ضمیر کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق ہونے چاہئیں،ضمیر تو بک بھی سکتا ہے ۔ عوام اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں اور اپنے دوست اور دشمن کو پہچانیں۔انہو ں نے کہا 76 سال ہوگئے ان سازشوں کو اب مزیدکامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا جس شخص کولانے چاہتے ہیں وہ قوم کامجرم ہے ، آپ کیلئے ہم اتنا آسان نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کوئی خاتون بے گناہ جیل جائے تو دکھ ہوتا ہے لیکن ملک میں آگ لگانے والے معصوم نہیں ، ایک عورت نے اس ملک پر حملہ کیا اور تنصیبات کو آگ لگائی،اس کو ضمانت دے دی گئی۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں سے اس ملک کو محفوظ رکھے ۔ انہو ں نے کہا ایک شخص کو چار سال حکومت ملی تو ایسی تباہی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ آج عوام پر جو مصیبتیں آئی ہیں یہ ا نہی چار سالوں کا نتیجہ ہے ۔ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت کو گیارہ سال ہو گئے ۔

انہوں نے اتنے عرصے سے خیبر پختونخوامیں کیا کیا،جہاں پنجاب ختم ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے وہاں ترقی ختم اور زوال شروع ہوتا ہے ۔ انہو ں نے کہا قوم سے وعدہ کرتی ہوں جب تک عہدوں پر ہیں ترقی کی نئی مثالیں قائم کرتے رہیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا جہاں ماڈل بازار نہیں وہاں بنائیں گے ، اراضی کا تعین کر لیاہے ،پنجاب کے تمام شہروں میں ماڈل بازار بنائیں گے اور پہلے سے موجود بازاروں کو اپ گریڈ کریں گے ۔ماڈل بازار میں ڈی سی ریٹ سے کم قیمت پر اشیاء خوردونوش دستیاب ہیں۔ مر یم نوا زنے کہا ایک شخص کہا کرتا تھا میں آلو، پیاز کے ریٹ چیک کرنے نہیں آیا۔ میرے دن کا زیادہ حصہ اشیاء خوردونوش کے ریٹس مانیٹر اور کنٹرول کرنے میں لگتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپ گریڈڈ ماڈل بازار کا دورہ کیا ، مختلف سٹالز دیکھے ،اشیاء خور دونوش کے معیار او رنرخ کا جائزہ لیا اور آویزاں ریٹ لسٹ بھی چیک کی۔مریم نواز نے تقریب میں موجود بائیک رائیڈر ز سے بھی ملاقات کی، ڈلیوری باکس چیک کئے ۔پنجاب ماڈل بازارمینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین افضل کھوکھر نے پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں