شہباز شریف کی عمان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

شہباز شریف کی عمان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔انہوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعظم نے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں چار پاکستانی شہریوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوئے ۔وزیر اعظم نے عمان کو دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی۔عمان کے سفیر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور عمان کے سلطان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ابوظہبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان کی وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ ابوظہبی پورٹس کراچی بندرگاہ میں آئندہ دس برس کے دوران 250 ملین(25 کروڑ) ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلبا و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ وارانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔ ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں چار رکنی وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں