الیکٹرانک ووٹنگ میں خامیاں: سیکرٹری الیکشن کمیشن، محفوظ طریقہ کار پیش کریں: چیئرمین کمیٹی

الیکٹرانک ووٹنگ میں خامیاں: سیکرٹری الیکشن کمیشن، محفوظ طریقہ کار پیش کریں: چیئرمین کمیٹی

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ کی پارلیمانی امور کمیٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجرباتی استعمال کے حوالے الیکشن کمیشن کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور 2017کے بعد ای وی ایم کا تجرباتی استعمال نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر انتخابات کا نظام شفاف اور عوام کیلئے قابل عمل ہو جائے تو ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آ سکتا ہے ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں بتایا الیکشن کمیشن انتخابات میں ای وی ایم اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا قطعی مخالف نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے جتنے بھی تجربات کئے خامیاں سامنے آئیں، رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش اور وزارت پارلیمانی امور کو بھی دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارت کے حکام سے استفسار کیا رپورٹ پر کیا کارروائی کی گئی، حکام نے بتایا وزارت نے اس پر کوئی کام نہیں کیا، چیئرمین کمیٹی نے رپورٹ ارکان کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے حوالے سے ضروریات کے مطابق سفارشات تیار کرکے کمیٹی میں پیش کرنی چاہئیں۔ اگر ملک میں افواج پاکستان کے جوان، سرکاری ملازمین اور جیلوں میں بند قیدی پوسٹل بیلٹ استعمال کر رہے تو اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس کا حق ملنا چاہیے ۔ الیکشن کمیشن حکام الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے حوالے سے محفوظ طریقہ کار تیار کرکے کمیٹی میں پیش کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں