صوبوں کو ٹرانسفر سود ادائیگیاں: دو سال بعد وفاق کو اخراجات کیلئے روزانہ 30 ارب قرض لینا پڑیگا

صوبوں کو ٹرانسفر سود ادائیگیاں: دو سال بعد وفاق کو اخراجات کیلئے روزانہ 30 ارب قرض لینا پڑیگا

اسلام آباد(نمائندہ دنیا )آئندہ دو برس بعد صوبوں کو ٹرانسفر اور سود ادائیگیوں کے بعد وفاق کواخراجات پورے کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 30 ارب روپے سے زائد قرض لینا پڑے گا۔

دستاویز کے مطابق دو برس بعد دفاعی اخراجات، پی ایس ڈی پی، پنشن،تنخواہوں ، گرانٹس کا بل تقریباً 10 ہزار 275 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دفاعی اخراجات، پنشن، حکومتی اخراجات، تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے وفاق کے پاس پیسے نہیں ہونگے ۔آئندہ مالی سال سود ادائیگیوں کا بوجھ بڑھ کر 10 ہزار 3 سو ارب روپے اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ٹرانسفر بل 10 ہزار 350 ارب روپے تک پہنچ جائے گاجبکہ وفاقی بجٹ کا مجموعی تخمینہ 21 ہزار 218 ارب روپے تک ہو گا۔ دو برس بعد دفاعی اخراجات 2 ہزار 578 ارب ، گرانٹس 2 ہزار 197 ارب ، پنشن 1 ہزار 341 ارب ، حکومتی اخراجات کا حجم 924 ارب روپے تک بڑھ جائے گا، وفاق کو یہ تمام اخراجات پورے کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر قرض لینا پڑے گا ۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سود ادائیگیوں، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ٹرانسفر کا بجٹ تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔صوبوں کو ادائیگیوں کیلئے این ایف سی پروگرام اور سود ادائیگیوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے باہمی معاہدوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں