تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ ،ہارے ہوئے لوگ ملک بربادکر رہے ہیں:تقریریں

 تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ ،ہارے ہوئے لوگ ملک بربادکر رہے ہیں:تقریریں

اسلام آباد، لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر ، سیاسی رپورٹر سے )تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دوسرے روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہا۔

اس موقع پر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے لگائے گئے احتجاجی اور بھوک ہڑتالی کیمپ میں تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی سینیٹرز اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اوردیگر اسیران کی رہائی کے لیے شدید نعرے بازی کی گئی ۔قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان، سینیٹر شبلی فراز اور قومی اسمبلی کے دیگر ممبران موجود تھے ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنمائوں نے کہا ہارے ہوئے لوگ ملک برباد کر رہے ہیں ، محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم کسی کو برا بھلا کہنے نکلے ہیں نہ اداروں پر تنقید کیلئے نکلے ہیں ، ملک اس لیے نہیں بنا کہ کسی سے حکومت چھینی جائے بلکہ اس لیے بنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی ہو، زر اور زور سے آئی حکومت کو نکالنے کے 2 راستے ہیں،وہ راستہ اختیار کر رہے ہیں جس سے بدامنی نہ ہو، ہم نے مطالبات رکھ دیئے ہیں کسی نے نہ مانے تو پھر ہم سے گلہ نہ ہوگا۔ اس موقع پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم آزادعدلیہ کیلئے آخری دم تک ساتھ کھڑے ہیں، حکمران عدالتی فیصلے کے بعد پاگل ہوگئے ہیں، ہم سے مخصوص نشستیں نہیں چھینی جاسکتیں، فارم 47 کی حکومت کو ہم نہیں مانتے ، وزیراعلٰی پنجاب نے عدلیہ کو دھمکیاں دیں، اس پر توہین عدالت کی درخواست دیں گے ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا یہ عوام کی جماعت ہے ، پابندی ان پر لگنی چاہیے جن کے اسٹیٹمنٹ عالمی عدالت انصاف میں پاکستان مخالف استعمال ہوئے ۔

تحریک انصاف نے بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے پنجاب اسمبلی کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا،کیمپ میں ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کیمپ میں ارکان اسمبلی، سینئر رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر ،ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی ، میاں اعجاز شفیع ، شیخ امتیاز ، علی امتیاز وڑا ئچ ، نادیہ کھر ، باسمہ چوہدری ، طارق گجر ،ارقم خان اوردیگر ارکا ن اسمبلی شریک ہوئے ۔ ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کو باقاعدہ احتجاجی تحریک کی شکل دے کر اسکا دائرہ کار پورے صوبے میں پھیلا دیا جائے گا۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں نہ صرف ناکام ہوئی ہے بلکہ اسکی معاشی پالیسیوں کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ۔ جلد بھوک ہڑتال میں پچاس ہزار لوگ شریک ہوں گے ،اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں ہمارے ارکان اور رہنمائوں نے شرکت کی ،خواتین سمیت فارم 45 ارکان نے شرکت کی،اس احتجاج کو مزید بڑھائیں گے ،اس کیمپ کو احتجاجی تحریک میں بدلنے جارہے ہیں،ہماری عوامی اسمبلی اور احتجاج جاری رہے گا،اس ٹک ٹاکر چیف منسٹر کو بتا رہے ہیں آپکے دن گنے جاچکے ہیں۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینٹر اعظم خان سواتی اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے جنہوں نے بانی تحریک انصاف کے خلاف مقدمات پر سخت تنقید کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں