ضرور تمندوں کوریلیف،مریم نواز نے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کا افتتاح کردیا

ضرور تمندوں کوریلیف،مریم نواز نے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کا افتتاح کردیا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستا ن میں پہلی بار عوام کا جامع اور مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے پنجاب سوشیو اکنامک پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔

ان کا کہناتھاکہ کسی بھی محکمے کی فیصلہ سازی اورضرورت مندوں کو ریلیف دینے کیلئے ڈیٹا بہت اہم ہوتا ہے لیکن ہم انفارمیشن اور ڈیٹا کے بغیر ہی فیصلے کرتے ہیں، چاہتی ہوں ہمارے پاس درست ڈیٹا ہو تاکہ سوشل پروٹیکشن پروگرامز میں ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع نہ ہو۔پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو رمضان پیکیج ان کی دہلیز پر پہنچایا لیکن رمضان نگہبان پروگرام شروع کیا تو پتہ چلا کہ پنجاب حکومت کے پاس مستند ڈیٹا نہیں پھر شکایات ملیں کہ رمضان پیکیج غریبوں کے بجائے ڈیروں تک پہنچ رہا ہے ۔

فزیکل ویریفکیشن کی گئی تو پتہ چلا کہ ڈیٹا کے مطابق لوگ وہاں پر مقیم نہیں تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں اور معذور افراد سے متعلق بھی مستند ڈیٹا موجود نہیں ہے ،ٹیکس سے بچنے کیلئے بہت سے کسانوں نے اپنی زمین کی 12،12 ایکڑ تقسیم کرکے رجسٹریاں کروائی ہوئی ہیں،چاہتی ہوں مستند ڈیٹا ہو تاکہ حق حقدار کو ملے ، بہت سے لوگوں کی ماہانہ آمدن سے زیادہ بجلی کے بل آ جاتے ہیں،پنجاب میں 45 لاکھ صارفین کے لئے سولر منصوبہ لا رہے ہیں جس سے بجلی کے بل آدھے ہو جائیں گے ، حقداروں کی درجہ بندی کیلئے سوشل رجسٹری ضروری ہے ۔ مریم نواز نے کہاکہ سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کر انے والے عوام ہی ای بائیک، سولر پینل، ہمت کارڈ، کسان کارڈسمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرامزکے اہل ہوں گے ۔

ڈیٹا میں اگر کسی کا نام نہیں تو پھروہ نام درج کرائے ،درست ڈیٹاضروری ہے تاکہ ضرورتمندوں کو ریلیف مل سکے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا سوشیو اکنامک رجسٹری میں 5 ہزارسے زیادہ رجسٹریشن سنٹرز بنائے گئے ہیں، بعدازاں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ بچوں کی صحت اور تندرستی سب سے اہم ہے ،پنجاب میں ہر بچے کیلئے بہترین علاج کی اعلیٰ سہولت تک رسائی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے آن لائن کیب سروس پرووائیڈر کریم کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کریمکی خواتین ڈرائیور اور رائیڈرز کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ویمن سیفٹی ایپکوکریمکے ساتھ منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا،پنجاب میں عوام بالخصوص خواتین کے لئے رائیڈرز سروسز کی بہتری کیلئے قوانین متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور اور قصور کے بعد فری وائی فائی پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں۔ فری وائی فائی سے شہری بالخصوص خواتین کو آن لائن ٹرانسپورٹ کے حصول میں آسانی ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں