وزیراعظم، آرمی چیف سے چینی بری فوج کے سربراہ کی ملاقاتیں،سٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

وزیراعظم، آرمی چیف سے چینی بری فوج کے سربراہ کی ملاقاتیں،سٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)چین کی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اورملاقات پر تمام شعبوں میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط سٹریٹجک تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔

باہمی دفاعی اور سٹریٹجک تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ جنرل لی کیاومنگ نے دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں پر بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے کہا کہ پاکستان آہنی بھائی، سٹریٹجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست ہے ، چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے ۔جنرل لی نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کے کردار کو سراہا۔جنرل لی کیاومنگ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرسے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بھائی چارے کے ثبوت کے طور پر جاری دوطرفہ فوجی تعاون کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ آصف سے بھی جنرل لی کیاومنگ نے ملاقات کی جس میں اہم باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع نے کہا چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے جسکی بنیاد علاقائی اور عالمی مسائل پر ہم آہنگی ہے ۔ پاک چین سکیورٹی تعاون علاقائی استحکام کا ستون ہے ۔سی پیک کے بڑھتے خطرات/آمد کے درمیان سکیورٹی اورانٹیلی جنس شیئرنگ میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے خطے میں استحکام اور امن کیلئے پرعزم ہے ، پرامن افغانستان پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں