ٹیکس ، مہنگی بجلی نامنظور :آج تاریخی ہڑتال ہوگی :حافظ نعیم

ٹیکس ، مہنگی بجلی نامنظور :آج تاریخی ہڑتال ہوگی :حافظ نعیم

لاہور (سیاسی نمائندہ)جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی۔ مہنگے بلوں نے ملکی معیشت صنعت کو برباد کردیا ہے ، کسی مارکیٹ کو تیس تو کسی کو چالیس ہزار روپے ٹیکس قبول نہیں کریں گے ۔

آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے شریف خاندان ودیگر کی آئی پی پیز سالانہ کپیسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے ۔ٹیکس اور مہنگی بجلی کیخلاف آج ملک بھر میں تاریخی ہڑتال ہوگی۔ بلوچستان میں جو واقعہ ہوا وہ قابل مذمت ہے ،چن چن کر قتل کوئی انسان نہیں کرسکتا دہشت گردی بیرونی ملک دشمن طاقتوں کا ایجنڈا ہے جس کا مقصدملک کو کمزور کرنا ہے ، فوج و عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجا سکتا۔ بلیک واٹر بھارتی را یا بیرونی ایجنسیوں کے ایجنڈے و دہشت گردی کو قبول نہیں کیاجا سکتا۔ بلوچوں کی لیڈر شپ سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار حافظ نعیم الرحمن نے ریگل چوک میں تاجروں کے احتجاجی کیمپ میں خطاب کرتے کیا۔ بجلی بلوں میں ہوشربا اضافہ اور ملک گیر ہڑتال کیلئے تاجروں نے ہال روڈ پر تاجر تنظیموں نے احتجاجی کیمپ لگا دیا ۔حافظ نعیم الرحمن تاجروں کے ہال روڈ پر احتجاجی کیمپ میں پہنچ گئے ،تاجروں نے ان پر پھولوں کی بارش کر دی اور گلے میں ہار ڈال ڈالے ۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کسی بھی حکومتی سازش سے جدوجہد کو سبوتاژ نہ ہونے دیں بدھ کو بھرپور ہڑتال ہوگی،حق دو عوام کو کے سلسلے میں ہڑتال پر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے ۔احتجاجی کیمپ میں تاجروں کی مختلف تنظیموں نے جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کو کامیاب کرنے کااعلان کردیا، تاجر رہنماؤں کاکہناتھاکہ حکومت کو ناجائز ٹیکسز واپس کرنا ہوں گے ورنہ سڑکوں پر بھرپور اور تاریخی احتجاج ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں