مہنگی بجلی اور ٹیکسز:لاہور سمیت ملک بھر میں ہڑتال

مہنگی بجلی اور ٹیکسز:لاہور سمیت ملک بھر میں ہڑتال

لاہور،اسلام آباد،کراچی، کوئٹہ، پشاور(کامرس رپورٹر،سیاسی نمائندہ،نمائندگان،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی اور تاجروں کی کال پر مہنگی بجلی،سیلز ، ودہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست سکیم کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں شٹرڈائون ہڑتال کی گئی۔

 اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں بازار مکمل بندرہے ، لاہور میں بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم پوش علاقوں سمیت چھوٹے بازاروں میں جزوی ہڑتال رہی، فیصل آباد میں دکانیں بند کرانے پرجھگڑاہوا،گاڑیوں کی توڑ پھوڑ پر 2افراد کوحراست میں لے لیا گیا،واقعہ کیخلاف جماعت اسلامی نے دھرنادے دیا، کئی شہروں میں مظاہرے ، ریلیاں بھی نکالی گئیں،انتظامیہ نے اسلام آباد میں ریڈزون کی طرف جانیوالے راستے بند کردئیے ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہڑتال کامیاب رہی، عوام کو ریلیف دلا کررہیں گے ،خیال رہے جے یو آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں،ایف  پی سی سی آئی، پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے بھی جماعت اسلامی اور تاجربرادری کی ملک گیرہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیاتھا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی، میڈیکل سٹور ز، تندور،ہوٹل، بیکریاں اور چائے کے کھوکھے بند رہے ، پبلک ٹرنسپورٹ بھی معمول سے کم رہی، اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ظالمانہ ٹیکس کا قانون واپس نہ لیا تو آگے 2 دن کی ہڑتال کا اعلان کر دیں گے ۔

راولپنڈی میں تاجروں نے مظاہرہ کرتے سڑک بند کردی۔مری میں بھی تمام بازا ر بندرہے ،ملک بھر سے آئے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ڈاکخانہ چوک پر مرکزی انجمن تاجران ہوٹل ایسوسی ایشن اور سیاسی جماعتوں نے احتجاج کیا۔لاہور کی تاجر برادری 2 حصوں میں تقسیم ہو گئی، اردو بازار،گنپت روڈ پیپر مارکیٹ، انار کلی، شاہ عالمی، اعظم کلاتھ مارکیٹ، بادامی باغ آٹو مارکیٹ، لنڈا بازار،منٹگمری روڈ،فیروزپور روڈ، سرکلر روڈ،ہال روڈ،جیل روڈ کی مارکیٹیں بند رہیں،اچھرہ بازار،باغبانپورہ بازار، کوٹ لکھپت، چونگی امرسدھو،ٹاؤن شپ مارکیٹ،کریم بلاک مارکیٹ،لبرٹی، گلبرگ،ڈی ایچ اے کی مارکیٹوں سمیت پوش علاقوں کی ریٹیلز مارکیٹوں میں جزوی کاروبار رہا جو شام کو آہستہ آہستہ پوری طرح کھلنے لگا رات گئے تک ان مارکیٹوں میں65 فیصد تک دکانیں کھل گئیں ـ،صدر پنجاب ریٹیلرز پولٹری ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے ضلعی رہنمائوں احمد سلمان بلوچ، جبران بٹ عبد العزیز عابد، خالد احمد بٹ و دیگر نے ضیا الدین انصاری نے مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا اور ہڑتال کی حمایت پر تاجروں کا شکریہ اداکیا، احمد سلمان بلوچ نے شٹر بند کے سامنے احتجاجی ناشتہ کیا،قصور اور تلونڈی میں شٹر ڈائون رہا جبکہ شیخوپورہ میں دکانیں کھلی رہیں، چنیوٹ کی تینوں تحصیلوں چنیوٹ،بھوانہ اور لالیاں میں جزوی شٹرڈاؤن رہا،اندرون شہر مسلم بازار، چوڑی مارکیٹ، چوک جتوتھان،صرافہ بازار،ریلوے روڈ،تحصیل روڈ،مند روڈ،قذافی مارکیٹ،ڈاکٹر عزیز روڈ سمیت متعدد مارکیٹوں میں مکمل شٹر ڈاون رہا جبکہ کچہری روڈ، جھنگ روڈ، سرگودھا روڈ،لاہور روڈپر زیادہ تر دکانیں کھلی رہیں۔

پاکپتن میں تاجر تقسیم ہونے سے جزوی ہڑتال رہی، کھڈیاں میں ہڑتال ناکام رہی، تمام دکانیں کھلی رہیں۔فیصل آباد میں جزوی ہڑتال ہوئی، گھنٹہ گھر،ستیانہ روڈ، انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی، ریلوے روڈ، ریکس سٹی اور غلام آباد کی مارکٹیں بند رہیں تاہم بیشترعلاقوں میں دکانیں کھلی رہیں،ہڑتال اور مخالفت کرنے والوں میں جھڑپیں اور ہاتھا پائی ہوئی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی،پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا، واقعہ کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ضلعی قیادت کے ہمراہ تھانہ کوتوالی کے سامنے دھرنا دیئے رکھا۔ساہیوال اورگرد و نواح کی مارکیٹیں مکمل بند رہیں،چیچہ وطنی،بورے والا،گگو منڈی،کھچی والا،دیپالپور،اوکاڑہ،الہ آباد،چونیاں،تھہ شیخم میں بھی ہڑتال رہی،نارووال،شکر گڑھ میں کھاد ڈیلرز نے بھی ہڑتال کی،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،حافظ آباد،گجرات،وزیر آباد،لالہ موسیٰ، پسرور،پنڈی بھٹیاں،علی پور چٹھہ،ڈسکہ،سمبڑیال،جامکے چٹھہ،گکھڑ منڈی میں بھی شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی،تمام کاروباری مراکز بند رہے بعض علاقوں میں میڈیکل سٹور بھی بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کوئٹہ میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند رہیں،تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، کراچی میں چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند رہیں ،شیر شاہ اور مومن آباد میں تاجروں نے احتجاج کیا اور کئی مقامات پر راستے بند کردئیے ، ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔ضلع بدین سمیت گولارچی ٹنڈو باگو ماتلی تلہار میں بھی کاروباری مراکز بند رہے ۔

پشاور اور پختونخوا کے دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز بند رہے ، پشاورمیں ریلی بھی نکالی گئی،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی شٹرڈائون ہڑتال رہی۔ انجمن تاجران کے مرکزی صدر چودھری کاشف نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے کہا کراچی سے خیبر تک مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی جس میں ایک کروڑ سے زائد دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے ہیں،پانچ وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد ہم سے مذاکرات کرے اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو خیبر سے کراچی تک تاجروں کا لانگ مارچ اسلام آباد کا رخ کرے گا ،آج ہڑتال نہیں ہوگی کیونکہ یہ کال صرف بدھ کیلئے تھی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے کہا ملک گیر ہڑتال نے ثابت کیا کہ قوم اس مہنگائی سے تنگ ہے ،عوام اوربجلی کے بل پر کوئی بات نہیں کر رہا، بجلی بلوں سے صنعت آگے نہیں بڑھ سکتی،تمام تاجروں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہڑتال کامیاب کی،یہ حکمران کچھ نہیں کر سکتے ،عوام کا پریشر پڑے گا تو یہ پیچھے ہٹ جائیں گے ،ہمارے پاس ہڑتالوں کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں،ہم پر امن لوگ ہیں، ہم نے کسی کو پتھر نہیں مارا، حکومت پولیس کے ذریعے مارکیٹوں کو کھولنے کی کوشش کرتی رہی۔تاجرایک ہفتے کی ہڑتال پر بھی تیار ہیں،جماعت اسلامی عوام کو ریلیف دلواکر رہے گی،ہمارے راستے روکے گئے تو حکومت گرانے کی تحریک بھی شروع کی جا سکتی ہے ۔سود کی لعنت سے بھی نکلنا ہوگا اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں