موڈیز،پاکستان کی ریٹنگ ایک درجہ بہتر ،یہ معاشی پالیسیوں کے درست ہو نیکا اعتراف :وزیر اعظم

موڈیز،پاکستان کی ریٹنگ ایک درجہ بہتر ،یہ معاشی پالیسیوں کے درست ہو نیکا اعتراف :وزیر اعظم

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے قرضوں سے متعلق پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر دی۔

  موڈیز کی رپورٹ میں ریٹنگ مستحکم سے مثبت کی گئی ہے ،رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ڈیٹ ریٹنگ سی اے اے تھری سے سی اے اے ٹو کر دی گئی ہے ، رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار ہیں،رپورٹ کے مطابق غیرملکی ادائیگیوں کیلئے پاکستان کی صلاحیتیں بہتر ہو رہی ہیں، آئی ایم ایف سے حالیہ قرض پروگرام ریٹنگ بہتر کرانے کا سبب ہے ، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کیلئے منظوری کا امکان ہے ، پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان نے آئی ایم ایف قرض پروگرام کیلئے بروقت اقدامات کیے ۔ پاکستان کی لیکوڈٹی صورتحال میں معمولی بہتری اور ڈیفالٹ رسک میں کمی بھی ریٹنگ بہتر ہونے کا سبب ہے ۔

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں، سی اے اے ٹورٹینگ ملنا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا عالمی اعتراف ہے ۔اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کو ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات معیشت پر نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے آگے بڑھتی رہے گی، معیشت کی بہتری کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں