قانون کے مطابق اگلے چیف جسٹس منصورعلی شاہ:عطاتارڑ

قانون کے مطابق اگلے چیف جسٹس منصورعلی شاہ:عطاتارڑ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا،آج عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں، ایف بی آرمیں کرپشن آج سے نہیں ہے۔

پہلی بار ایف بی آرکے نظام کو موثر بنایا جارہا ہے ،ہڑتالوں سے کام نہیں چلے گا، ٹیکس دینا ہوگا۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ خوش اسلوبی سے معاملات چل رہے ہیں،آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ابھی لندن جانے کی خبروں کی تصدیق نہیں ہوئی،مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہمارا بہت عزت واحترام کا رشتہ ہے ،مولانا سے بڑے اچھے تعلقات ہیں، شہباز شریف کابھی مولانا سے فون پر رابطہ رہتا ہے ،وزیر اعظم کا مولانا کے ساتھ فعال رابطہ ہے ، ہم تو سمجھتے ہیں مولانا ہمارے فطری اتحادی ہیں،مولانا کو اس اتحاد میں واپس آنا چاہئے ،مولانا کے جو بھی گلے شکوے ہیں، ان پر بیٹھ کربات ہو سکتی ہے ،مجھے امید ہے مولانا واپس ہماری صفوں میں آئیں گے ۔

چیف جسٹس کی توسیع اورجسٹس منصور علی شاہ کو نوٹیفائی کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ جب لا منسٹری بہتر سمجھے گی نوٹیفکیشن جاری کردے گی ،فائل موو کردیں گے ،میں سمجھتاہوں اس معاملے کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے ،اس معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے ،اگر اس پر کوئی بات ہوگی تومنظر عام پر آئے گی۔بظاہر قانون کے مطابق اگلے چیف جسٹس منصورعلی شاہ ہی ہونگے ۔ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی چند مجبوریاں ہوتی ہیں، میٹنگ میں کچھ اور کیمرے پر کچھ اور ہوتے ہیں، گنڈا پور سے راابطہ حکومت کی طرف سے ہوا تھا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی،سینیٹ میں مولانا کے ساتھ چلنے پراتفاق ہوا ہے ۔عمرایوب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے پوزیشن واضح کردی ہے ، مولانا فضل الرحمن قانون سازی میں حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 8ستمبرکے جلسے کی اجازت ملے یا نہ ملے ،جلسہ ہوگا، اگرہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہ دیا گیا توقومی اسمبلی،سینیٹ چلنے نہیں دیں گے ، ہمارے لیڈرکوکچھ ہوا تویہی لوگ ذمہ دارہوں گے ۔

سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت کوآئی ایم ایف سے پیکج نہیں ملے گا، معاشی حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں، ہمارے ایم این ایزڈٹ کرکھڑے ہیں تحریک انصاف کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ، ہمارے ایم این ایزآگ کا دریا عبورکرکے یہاں تک پہنچے ہیں، حکومت کی خام خیالی ہے ہمارے ایم این ایزنہیں ٹوٹیں گے ، عطا تارڑبچے ہیں ان کوبعد میں خبرملے گی۔اسٹیبلشمنٹ سے رابطے سے متعلق سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ اس خبرکی تصدیق یا تردید نہیں کروں گا،نوازشریف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس پھرگرگئے جولندن جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسزختم ہوچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کوگزشتہ ہفتے رہا ہوجانا چاہیے تھا، موجودہ حکومت چند ماہ میں خود ہی ٹوٹ جائے گی، ملک میں تازہ الیکشن ناگزیرہے ،دوست ممالک،آئی ایم ایف بھی کہہ رہا ہے پہلے ملک کے حالات ٹھیک کرو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں