کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں حملوں میں ملوث،وزیر داخلہ

 کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں حملوں میں ملوث،وزیر داخلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اندریکا رتوتے کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیٰ، فدی ایل اور افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کے سربراہ مالک سیسے بھی شامل تھے ۔۔ اندریکا رتوتے نے افغان مہاجرین اور دوحہ ڈائیلاگ کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی مستقل بحالی پر افغان حکومت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کی۔وزیر داخلہ نے پاکستان میں حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ملوث ہونے کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمگیر مسئلہ ہے ، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سے حملوں کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہی ہے ، اس کو ہر صورت روکنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے ۔جلد افغان مہاجرین کی واپسی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں