بجلی کابل کرنٹ،2ماہ ریلیف،12ماہ تکلیف،سولر واحد حل:بلاول:مخالفین کی پریشانی سے حیرانی ہوئی:مریم

بجلی کابل کرنٹ،2ماہ ریلیف،12ماہ تکلیف،سولر واحد حل:بلاول:مخالفین کی پریشانی سے حیرانی ہوئی:مریم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کے بل سے عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے ، مہنگی بجلی سے نجات کا واحد حل سولر انرجی ہے ،حکومت سندھ صوبے کے غریب لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی،اسی مقصد کو پیش نظر رکھ کر انہیں سولر سسٹم دیئے جارہے ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کو فراہم کی جانے والی بجلی مہنگی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی جانب سے سستی بجلی فراہم کریں۔ چیف منسٹر ہاؤس میں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وفاق سے بات کریں، اگر ہم بھی پنجاب کی طرح سستی بجلی دے سکتے ہیں تو سولر پروگرام بھاڑ میں جائے لیکن اگر عوام کو 2 مہینے ریلیف کے چکر میں 12 مہینے تکلیف ملتی ہے تو سولر نظام بہتر ہے ۔ایسا فیصلہ تو بانی پی ٹی آئی نے ہمارے لانگ مارچ کے بعد پٹرول سستاکرکے کیا تھاجب ان کی کانپیں ٹانگنا شرو ع ہوگئی تھیں اور اس فیصلے کا خمیازہ عوام آج تک مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں،اب تو نہ لانگ مارچ ہے نہ عدم اعتماد، تو یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے اگر وفاق کا نمائندہ ہمیں قائل کردے تو ہم ان کے طریقے سے کام کریں گے لیکن اگر وفاق کا منصوبہ متنازعہ ہوا تو ہمارے پروگرام کا ساتھ دیں، وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے تو عوام کا فائدہ ہوگا۔بلاو ل بھٹو نے کہاکہ ہم بجلی کے مسئلے کا مستقل حل چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق سندھ کے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ، مڈل کلاس اور نوکری پیشہ افراد کی مشکلات کا بھی اندازہ ہے ، اگلے مرحلے میں انہیں بھی سبسڈی دیں گے ۔

سندھ حکومت کا منصوبہ پیپلز پارٹی کے غریبوں کو سہولیات دینے کے منشور کے مطابق ہے ، غریبوں کو سولر پینل دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے ، ہماری سوچ تھی اگر پیپلز پارٹی کو وفاق میں حکومت ملے تو ہم پورے ملک میں ایسے منصوبے لے کر آئیں جس سے پاکستان کے غریب ترین طبقے کو انتہائی کم قیمت یا مفت میں سولر پینل فراہم کرسکیں۔ وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہے ، ایف بی آر اور وفاق کے ادارے اپنا کام صحیح سے نہیں کرتے اور پھر بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس جمع کرتے ہیں جس سے بجلی کے بل سے عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے ،توانائی سے متعلق وفاقی حکومت کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ، اچانک فیصلے کبھی زیادہ دیرپا اور پائیدار نہیں ہوتے ،پیپلز پارٹی ایسے منصوبے چاہتی ہے جنہیں پورا کرنا ممکن ہو ۔ان کا کہناتھاکہ سندھ حکومت نے تھرکول منصوبے کے ذریعے عوام کو سستی بجلی پہنچائی ہے ، سندھ حکومت ونڈ پاور میں بھی سرمایہ کاری کررہی ہے جس میں نجی شعبے کو بھی دعوت دی جارہی ہے کہ وہ آئے اور پاکستانی معیشت میں اپنا حصہ ڈالے ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں بھی 3 گرین انرجی پارکس کے منصوبے بن رہے ہیں، سندھ حکومت سولر کے ذریعے عوام کے لیے سستی بجلی پیدا کرے گی،سستی بجلی کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مکمل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سولرسسٹم سکیم منشور کاحصہ تھی، سکیم کو مرحلہ وار پورے سندھ میں پھیلائیں گے ، پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بناکر ایسے ہی منصوبے ملک بھر کے عوام کیلئے لائے گی۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ لوگ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ پورے پاکستان میں سوچ آگئی کہ غریبوں کو بجلی بلوں میں ریلیف دیا جائے ۔بلاول نے کہا کہ 300یونٹ منصوبے پر بہت زیادہ تنقید کی جاتی تھی جو کہ ممکن ہے ، غریب افراد کو ٹارگٹ کر کے 300 یونٹ تک سبسڈی دی جا سکتی ہے ، اس وقت 200یونٹ تک کے صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے ۔

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 14ویں اجلاس میں پنجاب او راسلام آبادکے صارفین کیلئے بجلی کے بلو ں میں ریلیف کی منظوری دے دی گئی، کابینہ ارکان نے عوام کو ریلیف دینے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین  پیش کیاجبکہ وزیراعلیٰ نے ’’بیک ٹو سکو ل ‘‘اورانرولمنٹ مہم بھی لانچ کردی ۔کابینہ اجلاس میں مریم نوازشریف نے کہا کہ 46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا ویژن محمد نوازشریف کا ہے ، کریڈٹ ان کو ہی ملنا چاہئے ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے ریلیف کی مد میں بہت مدد کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ الحمد للہ عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف دینے کا وعدہ پورا کردیا، جلد سولر پینل پروگرام شروع ہوجائے گا، اگلی گرمیوں میں بجلی کے بل میں ریلیف دینے کیلئے کام ابھی سے شروع کردیاہے ۔ 46ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف کی تشہیر دوسروں نے کی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں،عوام کو بجلی کے بل میں ریلیف پرمخالفین کو ہونے والی پریشانی سے حیرانی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوں میں ریلیف دینے پر پریس کانفرنس کی گئیں، مقابلہ بازی کی گئی لیکن شکریہ ہمارا پراجیکٹ عوام تک پہنچایا۔ بجلی میں ریلیف لوگوں پر احسان نہیں،ان کاحق ہے ، کام کرنے او رباتیں کرنے والوں میں بہت واضح فرق ہوتاہے ۔ہم عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کا ساتھ نبھائیں گے ، پنجاب کے ہر شہری کے مسائل کا حل حکومت ذمہ داری ہے ۔ بجلی کے بلوں میں ریلیف فوری اقدام ہے ، پائیدا ر ریلیف کے لئے سولر پینل پراجیکٹ لارہے ہیں۔

پنجاب کابینہ نے پنجاب کی پہلی جامع کلائمیٹ رزلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان 2024 کی منظوری دے دی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر ادارے میں کرپشن ہے ،جس کا خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے ۔ کرپشن گھاٹے کا سودا ہے ، کرپشن کا پیسہ جیسے آتاہے ویسے ہی واپس چلا جاتاہے ، شفافیت مسلم لیگ ن کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کی تشکیل کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں پنجاب بیت المال ایکٹ 1991کے تحت موجودہ پنجاب بیت المال کونسل تحلیل کرنے اور نئی بیت المال کونسل قائم کرنے اور لاہور میں آنکھوں کے علاج معالجہ کے لئے الشفا ہسپتال کوسرکاری اراضی لیز پر دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2023، حکومت پنجاب کی پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی سالانہ آڈٹ رپورٹ 2023-24 اورحکومت پنجاب اور ضلعی حکومتوں کے اکاؤنٹس کی سپیشل آڈٹ رپورٹ برائے سال 2016-17،2021-22اور 2022-23 کی منظوری بھی ہوئی ۔ وزیراعلیٰ نے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے 10ارب روپے کی بچت پر منسٹر تعمیرات و مواصلات صہیب ملک اور سیکرٹری سہیل اشرف کو شاباش دی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ میں کمسن بچیوں کی انرولمنٹ رجسٹریشن کمپین کا باقاعدہ آغاز کر دیا اور سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے طالبات سے پودے لگواکر شجرکاری کا آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ننھی طالبات کو سکول بیگ کا گفٹ بھی پیش کیا اور ننھی بچی کو خود سکول بیگ پہنایا۔ سکول بیگ کے ساتھ یونیسف کی طرف سے ایرلی چائلڈ ہولڈ کٹ پیش کی گئیں۔بیک ٹو سکول مہم میں یونیسف محکمہ سکول ایجوکیشن کے اشتراک سے ایک ہزار سکول بیگ دیئے جارہے ہیں۔ بچیوں سے ملنے مریم نوازشریف خود کلاس روم میں پہنچ گئیں اور ہر کلاس روم میں جاکر طالبات سے بات چیت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے فزکس لیب کا بھی دورہ کیا اور بچیوں کی خواہش پر ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ وزیر اعلیٰ نے بچیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خوب پڑھیں لکھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ پنجاب کے ہر سکول کو بہترین بنانا چاہتی ہوں اور بنا کر دم لوں گی۔ پنجاب کے ہر سرکاری سکول کو پرائیویٹ سے بھی بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں