ختم نبوتؐ کا تحفظ کرناجانتے ،اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا:فضل الرحمٰن

ختم نبوتؐ کا تحفظ کرناجانتے ،اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا:فضل الرحمٰن

لاہور،چناب نگر (نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیل کا فلسطین میں ظلم وبربریت جاری ہے ، اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا، آج کا دن پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کے عوام ختم نبوتؐ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔

لاہو رمیں مینار پاکستان پر گولڈن جوبلی ختم نبوت ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرلینا چاہئے ،آج عالمی برادری کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا، حماس کے مجاہد ین فلسطین کی آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں،فلسطینی بھائیوں کا خون بہہ رہا ہے اور مسلم حکمران آواز بلند نہیں کرتے لیکن امت جاگ رہی ہے ،امریکا انسانی حقوق کا قاتل ہوسکتا ہے ، علمبردار نہیں ہوسکتا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو برطانیہ کا ناجائز بچہ کہا،پاکستان کا خاتمہ اسرائیل کی پالیسی کا حصہ ہے ،غلامانہ ذہن کے لوگ اپنے مفاد کیلئے تاریخ بھول جاتے ہیں، تمہاراباپ بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مقصد پورا نہیں کرسکتا،عوامی اسمبلی یہ قرارداد پاس کرتی ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھو تہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عالمی آقاؤں کے کہنے پر دینی مدارس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے ، مدارس کو نشانے پر رکھا ہوا ہے ، ہم تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں،ہم نے تمہیں نشانے پر رکھا تو تم ملک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوجاؤگے ،میرے مدرسے کی ایک اینٹ گراؤ گے تو تمہارے اقتدار کی عمارت کو زمیں بوس کردوں گا۔ان کاکہناتھاکہ مبارک ثانی کیس کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، امید ہے کہ تفصیلی فیصلے پرعلما کو اعتمادمیں لیا جائے گا ۔ سود کے خاتمے کیلئے پوری قوم متفق ہے اور عقیدہ ختم نبوتؐ پر پوری امت مسلمہ کا اتفاق ہے ۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے ، امن نہیں دے سکتے تو ٹیکس کس بات کا لیا جارہا ہے ۔ اپنے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کو بتانا چاہتا ہوں یہ ہے پاکستان کی سوچ ، مینار پاکستان پر انسانوں کے سمندر کی رائے کے آگے جھکنا ہوگا ۔یہ اجتماع ملی وحدت کی علامت ہے ، یہ ملک ہمارا ہے اس ملک میں اسلام کی اقدار کو بلند ہونا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 اور 2024 کے الیکشن کے نتائج دھاندلی کی پیداوار ہیں، ان اسمبلیوں کی کوئی حیثیت نہیں، ملک کے مستقبل کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔ دوسری طرف چناب نگر میں 37ویں سالانہ انٹر نیشنل ختم نبوتؐ کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا قانون تحفظ ختم نبوتؐ و ناموس رسالتؐ کا ہر قیمت پر دفاع کرینگے ،ختم نبوت قوانین میں ترمیم کرنیوالے دنیا و آخرت میں نامراد ہوں گے ، قانون تحفظ ختم نبوت میں قدغن لگانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔شیخ الحدیث مولانا زبیر احمد صدیقی ،مولانا سجاد الرحمن ، مولانا محمد حذیفہ سمیع حقانی ،مولانا محمد اشرف طاہر ،مولانا محمد رمضان علوی اور مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں