100فیصد خواندگی کے بغیر روشن مستقبل کاسوچ بھی نہیں سکتے:مریم نواز

100فیصد خواندگی کے بغیر روشن مستقبل کاسوچ بھی نہیں سکتے:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کی تعلیم کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے ، معاشرے کے نظر انداز طبقات کی بنیادی تعلیم کے لئے درکار وسائل مہیا کئے جارہے ہیں۔

سو فیصد خواندگی حاصل کئے بغیر ہم روشن مستقبل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عالمی یوم خواندگی پراپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم خواندگی پر آج سب کو پڑھانے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں، دین اسلام علم حاصل کرنے پر زور دیتاہے اور قرآن مجید میں بھی علم حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے ،خواندگی معیار زندگی کو بہتر بناتی اور ترقی کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے ۔ تعلیم تک رسائی آسان بنانے کیلئے حکومت پنجاب تاریخی اور اختراعی اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت تین اضلاع کے چار لاکھ طلبہ کو دودھ کے پیکٹ دئیے جارہے ہیں۔ طلبہ کو تعلیم وتحقیق میں معاونت کیلئے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں۔ پنجاب کے طلبہ کو ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دینگے ۔ طلبہ خاص طور پر طالبات کو آمدورفت میں آسانی کے لئے ہر تحصیل میں بسیں مہیا کرینگے ،انرولمنٹ مہم کے تحت بچوں کے داخلے کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی جی خان میں بچوں کے نیوٹریشن پروگرام کی تقریب سے واپسی پر لاہور جاتے ہوئے چائے کے ڈھابے پر گاڑی رکوالی اور شہریوں کو خوشگوار سرپرائز دیا ،وہ چارپائی پر بیٹھ گئیں اورڈیرہ غازی خان کی روایتی چائے نوش کی ۔ انہوں نے مزیدار چائے کو سراہا اور اس دوران شہریوں سے بات چیت بھی کی ۔شہریوں نے مریم نوازشریف کو بجلی کے بل دکھاکر14روپے فی یونٹ کمی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کو عوام کے بجلی بلوں کی بہت فکر ہے ، وزیراعظم شہباز شریف اور میں آپ کو ریلیف د ے رہے ہیں۔ آٹا ،چینی ،گھی، دالیں اور سبزیاں سستی ہونے سے مہنگائی میں کمی ہوئی ، مزید ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکستان نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور پاک بحریہ کوسلام پیش کرتے ہیں، پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں،قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،1965اور1971 میں پاک بحری نے دشمن کو ناکوں چنے چپوائے ۔ دفاع وطن میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں