پختونخو ا پولیس،اداروں کو ضم شدہ اضلاع میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے:آرمی چیف

پختونخو ا  پولیس،اداروں کو ضم شدہ اضلاع میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا پختونخوا پولیس ، اداروں کو ضم شدہ اضلاع میں ہرممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے ،عظیم قربانیوں سے حاصل امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

آرمی چیف نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا اور وادی تیراہ و گردونواح میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی، انہوں نے ہر طرح کے خطرات کا موثر جواب دینے کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہارکیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ضلع اورکزئی کے دورے کے دوران سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کیے جانے والے کثیر الجہتی اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی،افسروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کے خلاف موثر جواب دینے کی تیاریوں کو سراہا،آرمی چیف نے دشمن دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو جامع طور پر شکست دینے اور غیر قانونی سپیکٹرم میں سرگرمیوں کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،فوج کے شہدا اور غازیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا،ہمارے شہدا کی قربانیاں اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کا حوصلہ ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔آرمی چیف نے خیبرپختونخوا میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کوبھی سراہا،آرمی چیف نے کہا پاک فوج خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نئے ضم شدہ اضلاع میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، جنرل عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والوں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیااور سکیورٹی فورسز کیلئے مقامی آبادی کی حمایت کو بھی سراہا،قبل ازیں آمد پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں