اسرائیل کیخلاف مظاہرے،کراچی میں پولیس کیساتھ جھڑپ،اسلام آباد سے10گرفتار

اسرائیل کیخلاف مظاہرے،کراچی میں پولیس کیساتھ جھڑپ،اسلام آباد سے10گرفتار

اسلام آباد،لاہور،کراچی (اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھرمیں شہید راہ قدس سید حسن نصراللہ کی شہادت پر غاصب اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔

اسلا م آباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام سیودی غزہ مارچ میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد اور ان کی اہلیہ سمیت 10کارکنوں کو گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر اسلام آباد میں احتجاجی ریلی آبپارہ چوک سے نکالی گئی۔ شرکا نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف فلک شگاف نعرے لگا ئے ۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ امریکااور اسرائیل سب مسلمانوں کے دشمن ہیں اورہم اس دشمنی سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، چاہے ہمارے جسموں کو چھلنی کر دیا جائے ۔سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ہم جسد واحد ہیں اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ہم اپنے جسم میں موجود خون کے آخری قطرے تک قدس کا دفاع کریں گے ۔

علامہ حسنین گردیزی نے کہا کہ سید حسن نصراللہ شہید کی شہادت اسرائیل کا خاتمہ ثابت ہوگا۔ غزہ اور لبنان میں بدترین اسرائیلی جارحیت اور نہتے مسلمانوں کو شہید کرنے کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر جماعت المسلمین نے بھرپور احتجاج کیا۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے رہنما و سابق سینیٹر مشتاق احمد کو سیو دی غزہ مارچ کے دوران اہلیہ اورکارکنوں سمیت نیشنل پریس کلب کے باہر سے گرفتار کر لیا ،ان پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیاگیاہے ۔لاہورمیں سید حسن نصراللہ کی شہادت پر امریکا اور سفاک صیہونی ریاست کے خلاف پنجاب اسمبلی سے امریکی قونصلیٹ تک شہید راہ قدس ریلی نکالی گئی جس کا اہتمام تحریک بیداری امت مصطفی اور حامیان مظلومین فلسطین نے کیا تھا۔شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ بزدل دشمن سے اپنی بیزاری و نفرت کا اظہار کر رہے تھے ۔

علامہ سید جواد نقوی نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم شہادت کے صدقے جرثومہ ظلم و ستم و فساد اسرائیل جلد ہی صفحہ ہستی سے ختم ہو گا۔ کراچی میں حسن نصر اللہ کے قتل کے خلاف ریلی کے شرکا کو ایم ٹی خان روڈ پر روکنے پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پولیس پرپتھراؤ کردیا ،پولیس نے مظاہر ین پرآنسو گیس کے شیل پھینکے ، پتھراؤ سے 6پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔مظاہرین کے پتھراؤ سے متعدد صحافی بھی زخمی ہوگئے ، ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین نے ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی۔جیکب آباد میں شیعہ تنظیموں نے حسن نصر اللہ کی شہادت اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ڈی سی چوک میں احتجاجی دھرنا دیا ۔دوسری جانب لبنان میں حزب اﷲسربراہ حسن نصر اﷲ کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حسن نصر اﷲ کی شہادت کی تصدیق کے بعد لوگ غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ۔

سرینگر، بڈگام، بارہمولہ اور بانڈی پورہ سمیت متعدد اضلاع میں احتجاجی مظاہرے اورہڑتال کی گئی۔ سرینگرکے علاقوں حسن آباد، رعناواری، سعدہ کدل، میر بہری، حول، عالمگیری بازار، شیری بٹ، جڈی بل، شالیمار، لال بازار، بمنہ،عشائی باغ اور حضرت بل میں لوگ سیاہ جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے ۔ بڈگام قصبے اوراس سے ملحقہ علاقے ناربل، پٹن اور بانڈی پورہ میں بھی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ مخالف نعرے لگائے اور غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایکس پرایک بیان میں حسن نصر اﷲ کو خراج عقیدت پیش کیا ،محبوبہ مفتی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیاکہ میں لبنان اور غزہ کے شہدا بالخصوص حسن نصر اﷲ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اپنی انتخابی مہم منسوخ کر رہی ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں