ہمت کارڈ لانچ ،مریم نواز کا سپیشل افراد کو مصنوعی اعضا فراہم کرنیکا اعلان

ہمت کارڈ لانچ ،مریم نواز کا سپیشل افراد کو مصنوعی اعضا فراہم کرنیکا اعلان

لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ریکارڈ وقت میں چیف منسٹر ہمت کارڈ لانچ کر دیا،65 ہزار نادار سپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے ملیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے سپیشل افراد کے لئے مخصوص ہمت کارڈ کو ٹریول کارڈ میں تبدیل کرنے اور سپیشل افراد کو ہیئرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضا بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ہمت کارڈ کی تعداد 65ہزار سے زیادہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ نے سپیشل افراد کو اگلی نشستوں پر اپنے ساتھ بٹھا لیا جبکہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری،سیکرٹریز اور افسر عقبی نشستوں پر بیٹھے ،سپیشل بچے محمد عظیم نے مریم نواز شریف کو ان کا پنسل سے بنا پورٹریٹ پیش کیا۔مریم نوازشریف نے ہمت کارڈ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میرا ایک اور خواب پورا ہوا، منصوبے کے تحت خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہماری ترجیح ہے ۔ سپیشل افراد کو دونوں ہاتھوں سے سلیوٹ پیش کرتی ہوں ،سپیشل افراد وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر بھی ہمت کارڈ حاصل کر سکیں گے ۔ بیڈ پر موجود یا گھر سے نکل کر روزی کمانے کی سکت نہ رکھنے والے سپیشل افراد کو ہمت کارڈ دے رہے ہیں،سپیشل افراد ہمت کارڈ کے حصول کے بعد معاشرے او رگھر والوں پر بوجھ نہیں رہیں گے ،سپیشل افراد ہم سب سے زیادہ ہمت رکھنے والے لوگ ہوتے ہیں، درپیش مشکلات کے باوجود ہمت حوصلے اورصبر کا دامن نہیں چھوڑتے ،3ماہ کے لئے ساڑھے 10 ہزار کی رقم بہت زیادہ نہیں،کچھ نہ کچھ سہولت ضرور حاصل کرسکیں گے ، سپیشل افراد کو مصنوعی اعضا بھی مہیا کرینگے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پہلے پاکستانی ، بعد میں پنجابی ہوں،مسلم لیگ ن کے پاس جادو کی چھڑی نہیں لیکن ہم ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے کا سوچتے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے میرا دل دھڑکتا ہے ،جس طرح کے پی ہمارا ہے اسی طرح پنجاب بھی آپ کا ہے ، خیبرپختونخوا میں روٹی 25 روپے کی ہو گئی ، ذہنی مفلوج لوگوں سے کام ہوتا ہے نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں،ان کا کام صرف جلا ؤگھیرا ؤکرنا ہے ۔ مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے ہرروز کے ڈراموں سے عوام کی خدمت میں خلل آتا ہے ،یہ دوسرے صوبے پر حملہ کرنے میں وسائل خرچ کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کریں ، پنجاب پر حملہ کرنے کیلئے جو پیسہ خرچ کر رہے ہیں یہ کے پی کے عوام کی امانت ہے ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے 20 ہزارشیل پنجاب پولیس پر چلائے گئے ، یہ لوگ پنجاب کے اوپر باربار حملہ کررہے ہیں، ریسکیو 1122 کی گاڑیوں کو جلسوں میں لایا جاتا ہے ، مجھے پنجاب کے عوام کی فکرہے تم اپنی فکرکرو، کسی بھول میں نہ رہنا، مجھے دہشت گردوں سے نمٹنا آتا ہے ۔قبل ازیں مریم نوازشریف کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈا پراجیکٹس کی تکمیل اور جاری پراجیکٹس پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کیلئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے روڈا ایریا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں