زرداری اور پوٹن کی ملاقات ، تعلقات مضبوط بنانے پر زور
اسلام آ باد،اشک آباد (سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں)صدر مملکت آصف علی زرداری نے روس کے صدر ولادی میر پوٹن کے ساتھ ملاقات کی ،جس میں دونوں نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت کی روسی ہم منصب کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ترکمانستان کے دورے کے دوران بین الاقوامی فورم کے موقع پر ہوئی،دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں صدور نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔صدرزرداری نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے قومی رہنما اور پیپلز کونسل کے چیئرمین گربنگولی بردی محمدوف سے ملاقات کی ۔ صدر مملکت نے دونوں کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری سے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر نعمان قرتولمس نے بھی ملاقات کی ۔صدر مملکت کاکہناتھاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون، عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، ترکیہ پاکستان اور مسلم دنیا کا عظیم اور مخلص دوست ہے ، ترکیہ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر اصولی موقف اختیار کرتا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے ، ترکیہ ایک اقتصادی طاقت بننے کے راستے پر گامزن ہے ۔
قبل ازیں اشک آباد میں بین الاقوامی فورم ’’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق:امن و ترقی کی بنیاد‘‘سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں،بہتر علاقائی روابط سے اقتصادی تعاون مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں، خطے کے ممالک میں روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ بہتر علاقائی روابط سے ثقافتی اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، یقین ہے کہ فورم خطے کے ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا علامہ محمد اقبال اور مخدوم گلی فراغی نے اپنی شاعری اور افکار میں تصوف اور قومیت پر مشترکہ خیالات کا اظہار کیا۔مخدوم گلی فراغی نہ صرف ایک شاعر بلکہ ترکمان لوگوں کے جذبے ، امنگوں، حب الوطنی کی علامت ہیں۔