مریم نواز کی زیر صدارت پھاٹا کی گورننگ باڈی کا اجلاس:اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام اور سر پلس بجٹ کی منظوری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کی گورننگ باڈی کا 99واں اجلاس ہوا ،رواں مالی سال کیلئے34ارب 73کروڑ کے سرپلس بجٹ اوراپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے پھاٹا سے پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہاؤسنگ پراجیکٹ مکمل کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پر5لاکھ 44 ہزار لوگ رجسٹرڈ ہیں۔ گھر بنانے کیلئے دولاکھ80ہزار درخواستیں موصول ہوئیں،ڈرافٹ ایپلی کیشن 76ہزار سے زائد ہیں۔ پھاٹا کو معاہدہ سائن کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ مریم نواز نے درخواست دہندگان کے قواعد کی تصدیق کا عمل بروقت اورتیزی سے جاری رکھنے اورزیر التوا ہائوسنگ سکیموں کا کیس ٹو کیس جائزہ لیکر منظوری بارے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پھاٹا کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے سکیل کواپ گریڈ کرنے اور پھاٹا سروسز ریگولیشن2004کے تحت سول سب انجینئرز بھرتی اور پھاٹا،پی ایم یوکیلئے سٹاف ہائرنگ جاب پورٹل کے ذریعے کرنیکی منظوری بھی دی گئی۔ بجٹ منظوری کابینہ کی بجائے پھاٹا گورننگ باڈی کی اجازت سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ہائوسنگ سکیموں میں قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے درخواست دہندگان کے واجبات واپسی کی اجازت دیدی گئی ۔ وصولیوں کا تخمینہ 17 ارب اور اخراجات کا تخمینہ 13 ارب 55کروڑ روپے پیش کیا گیا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی ٰزاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق ،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹری ہائوسنگ،پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین حمید، انجینئر اکبر شیخ و دیگر حکام موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن پرپیغام میں کہا ہے کہ آفات سے نمٹنے کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،عوام کے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کو جدید خطوط پر استوار اورمتعلقہ اداروں کے کنٹرول رومز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ، ائیر ایمبولینس اور موٹر وے ایمبولینس سروس کا آغاز کیا ہے ۔قدرتی آفات کے خطرات کم کر کے آئندہ نسلوں کو محفوظ اور مستحکم مستقبل دینا چاہتے ہیں۔