ایس سی او کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر:مریم نواز

ایس سی او کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی آمد کاپر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی، باہمی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے اور باہمی تعاون سے غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے اہداف پورے کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے بیان میں کہاکہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ کو حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیں ،ہم چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو باہمی دوستی کے نئے باب کی شروعات سمجھتے ہیں،چین اور پاکستان کے مابین تعلقات عالمی امن، خطے کی خوشحالی اور ترقی کے ضامن ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا سہرا پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کے سر ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف پاک چائنہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں،مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سی پیک کا آغاز پاک چین دوستی کا ناقابل تردید ثبوت ہے ۔

مریم نواز شریف نے کہاکہ چینی وزیراعظم کی آمد سے سی پیک پراجیکٹس میں تیزی آئے گی، روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے ،پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دوستی، اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے ، مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون تاریخ کا حصہ بن چکاہے ،پاکستان اور چین مل کر خوشحال اور پرامن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں، پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے ، چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں