وزیر اعظم سے چینی وفد کی ملاقات، پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر اظہار اطمینان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی ، دونوں رہنماؤں نے پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر اظہار اطمینان کیا۔
دوران گفتگو دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے، اتفاق باہمی تعاون کو وقت کے ساتھ مزید تقویت مل رہی ہے، ملاقات میں اتفاق بنیادی نوعیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ، چین پاکستان اقتصادی راہداری فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی سود مند اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنعت، زراعت کی جدیدیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوران گفتگو پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح کے روابط کو جاری رکھا جائے گا اور دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو مضبوط کیا جائے گا۔
ملاقات کے آخر میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن ، پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔