عافیہ کو انسانی ہمدردی پر رہا کر دیں،وزیراعظم کا امریکی صدر کو خط

عافیہ کو انسانی ہمدردی پر  رہا کر دیں،وزیراعظم کا امریکی صدر کو خط

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )وزیراعظم شہبازشریف نے عافیہ صدیقی کی سزامعافی کیلئے امریکی صدرکوخط لکھ دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے کیس میں کو آگاہ کیاگیاکہ حکومتِ پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھ دیاہے۔

 ،دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایاکہ  وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھاہے ، مذکورہ خط بھی عدالت میں پیش کیاگیا، خط میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی اوررہائی کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ میری آپ سے امریکااورمیرے آبائی شہر لاہورمیں ملاقات ہوئی،میں نے آپ کو ہمیشہ پاکستان اور اُسکے عوام کا دوست پایا،کیری لوگربرمن بل کی پندرہ سال قبل کانگریس سے منظوری میں آپکا کردار مجھے یاد ہے ،میں آپکی توجہ ایسے اہم معاملے کی طرف دلانا چاہتا ہوں جسے ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایف ایم سی کارسویل میں ستمبر 2010 سے قید ہے ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ نے 86 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی جیل میں سولہ سال کی قید کاٹ چکی ہیں،اِن برسوں میں پاکستانی آفیشلز عافیہ صدیقی سے قونصلر ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

سب ملاقات کرنے والوں نے عافیہ صدیقی کے علاج کی سہولیات سے متعلق سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی کمزور دماغی اور جسمانی صحت پر علاج معالجے کے اثرات ہوئے ،اِس خدشے کا اظہار بھی کیا گیا کہ عافیہ صدیقی کہیں اپنی جان ہی نہ لے لے ، مجھے آپکی بیرون ممالک میں قید اپنے شہریوں کیلئے جدوجہد سے مکمل طور پر علم ہے ،آپ سمجھ سکتے ہیں کہ بطور وزیراعظم اِس معاملے میں مداخلت میری ذمہ داری ہے ، گزارش ہے کہ آپ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کر کے رہائی کا آرڈرکریں،عافیہ صدیقی کی فیملی اورلاکھوں پاکستانی میرے ساتھ آپکی عنایت کے منتظر ہیں۔ جسٹس سرداراعجاز اسحاق خان نے خط کی کاپی درخواست گزار وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ بعدازاں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا دو سال بعد ہماری کوششوں کی وجہ سے کیس میں بڑی اہم پیشرفت ہو گئی ہے حکومتی قدم خوش آئند ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں