یحییٰ سنوار کی شہادت:بائیڈن کی نیتن یاہو کو مبارکباد،اسرائیل تباہی کیلئے تیار رہے:حماس

یحییٰ سنوار کی  شہادت:بائیڈن  کی نیتن یاہو کو  مبارکباد،اسرائیل  تباہی  کیلئے  تیار  رہے:حماس

غزہ ،بیروت،برلن (اے ایف پی،رائٹرز ) حماس نے اپنے سربراہ یحیی سنوار کی شہادت کی تصدیق کردی۔ قطر میں مقیم حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ یحیی سنوار اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے ۔

سنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمتی تحریک نے مزید جوش پکڑ لیا ہے ،حما س سربراہ کی شہادت پر غاصب اسرائیل تباہی کیلئے تیار رہے ۔انہوں نے کہا غزہ جنگ کے خاتمے ،اسرائیلی فوج کے انخلا اور صیہونی جیلوں میں بند فلسطینیوں کی رہائی تک یرغمالیوں کو نہیں چھوڑیں گے ۔حماس کے مسلح ونگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ القسام بریگیڈز نے سنوار کی شہادت پر کہا کہ آخری صہیونی کو فلسطین سے نکالنے تک جدو جہد جاری رہے گی ۔ رہنما کی شہادت سے ہماری تحریک اور مزاحمت کو تقویت ملے گی۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یحیی سنوار کے محافظ کو جمعہ کے روز جنوبی غزہ میں فورسز نے شہید کر دیا ۔ بیان میں کہا گیا محمود ہمدان کو آئی ڈی ایف کے فوجیوں کے ساتھ ایک مقابلے کے دوران شہید کیا گیا، انہیں سنوار کے جائے شہادت سے 200 میٹر کے فاصلے پرمارا گیا۔یاد رہے کہ31 جولائی 2024 کو ایران میں ایک حملے میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یحیی سنوار کو حماس کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔ ادھر سنوار کی شہادت کے بعد حماس کے نئے سربراہ کے لیے مختلف نام زیر گردش ہیں۔یحیی سنوار کے چھوٹے بھائی کمانڈر محمد سنوار حماس کے نئے سربراہ کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ وہ 7 اکتوبر سمیت اسرائیلی فوج پر متعدد حملوں میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ شریک تھے ۔

حماس کے سیاسی بیورو کے سینئر رکن موسیٰ ابو مرزوق ،القسام بریگیڈز کے پرجوش کمانڈر محمد دائف ،سیاسی بیورو میں نمایاں شخصیت خلیل الحیا اور خالد مشعل بھی حماس کی سربراہی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں ۔رائٹرز کے مطابق سنوار کی شہادت کے بعد حماس کی جانب سے غزہ کے باہر سے نئے لیڈر کا نام تجویز کرنے کا امکان ہے ۔ادھر امریکی صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ حماس سربراہ کی شہادت کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے لیے پراُمید ہیں، لبنان میں جنگ بندی کی جانب بڑھنا ممکن ہے لیکن غزہ میں جنگ کا خاتمہ ہونا مشکل ہو گا ۔جرمنی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو یحیی سنوار کی شہادت کی اطلاع پر خوشخبری اور مبارکباد دی،انہوں نے کہا یہ موقع ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے اور یرغمالیوں کو رہا کرایا جائے ۔اقوام متحدہ کی امن فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کی بمباری نے جنوبی لبنان میں بڑے پیمانے پر کئی قصبوں اور دیہات کو تباہ کر دیا ہے ، ہمیں خطے میں استحکام اور امن واپس لانے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اردن سے داخل ہونے والے دو حملہ آوروں کو شہید کر دیا ۔دوسری جانب گزشتہ روز بھی غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں