پنجاب:مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے نیا ادارہ قائم:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں میکنزم منظور

پنجاب:مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے نیا ادارہ قائم:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں میکنزم منظور

لاہور(نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کو مہنگا ئی سے نجات دلانے کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت کرتے ہوئے صوبے میں پرائس کنٹرول یقینی بنا نے کے لئے نیا ادارہ قائم کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت  خصوصی اجلاس ہوا جس میں پرائس کنٹرول یقینی بنانے کے میکنزم اوردیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے چھ ماہ میں سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی اورعالمی معیار کے مطابق نئے پرائس کنٹرول میکنزم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار، دستیابی اور دیگر امور کے تحت نرخ مقرر کرنے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں امپورٹڈ پام آئل پر انحصار کم کرنے کے لئے سن فلاور، سویابین اور کینولا کی کاشت بڑھانے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا اور ہر شہر میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے مقامی کاشت بڑھانے پر زور دیا گیا۔ مارکیٹ کے نرخ میں استحکام کے لئے فور کاسٹ بلیٹن جاری کرنے اورایس ایم یو کے تحت پرائس کنٹرول کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب میں ایگری مانیٹرنگ فنڈ کے قیام کا بھی اصولی فیصلہ اور کاشتکاروں کو براہ راست خریدار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کو رجسٹر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ گھی اور خوردنی تیل کے نرخ میں اضافے کا سبب عالمی مارکیٹ میں پام آئل کے نرخ میں اضافہ ہے ۔ جدید ٹیکنالوجی سے گندم اور دیگر اجناس کی فصل کی پیداوار کا پیشگی تعین کیا جائیگا۔ گندم خریداری نہ ہونے سے ملکی معیشت اور عوام کیلئے مثبت اثرات سامنے آئے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی گندم اور آٹا کے نرخ کے اتار چڑھاؤ اور مارکیٹ ڈائنامکس پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ ایس ایم یو میں قابلیت کے مطابق صرف اور صرف میرٹ پر افسر تعینات کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا عام آدمی کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں