سب کی زندگیاں فیک نیوز سے تباہ ہو رہیں؟جسٹس عالیہ نیلم

سب کی زندگیاں فیک نیوز سے تباہ ہو رہیں؟جسٹس عالیہ نیلم

لاہور(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے ٹویٹر پر جعلی نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی دائر درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ مرد اور عورت سب کی زندگیاں فیک نیوز کی وجہ سے تباہ ہو رہی ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت کی۔گزشتہ روز سماعت پر درخواست گزار صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری بھی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئیں جبکہ عدالتی حکم پر ایف آئی اے حکام بھی پیش ہوئے ۔دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ فیک نیوز کے معاملے میں اپنے ملک کو تباہ کرنے چلے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ سوشل میڈیا کو اچھے کاموں کیلئے کیوں استعمال نہیں کیا گیا،عدالت نے کہا کہ اس کیس کو فل بینچ ان حالیہ واقعات اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلنے کے حوالے سے سماعت کرے گا۔ عدالت نے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔عدالت کے روبرو عظمیٰ بخاری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید کی جانب سے میری جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی،عدالت ایف آئی اے کو فلک جاوید سمیت دیگر کیخلاف کارروائی کا حکم دے ،عدالت ایف آئی اے سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں