بنوں:فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن،8دہشتگرد ہلاک،میجر سمیت3شہید
اسلام آباد (دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 8دہشتگرد وں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 3 جوان شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی،اس دوران 7دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ، آپریشن کی قیادت میجر عاطف خلیل کررہے تھے ، جو شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو جوانوں کے ساتھ شہید ہوگئے ۔ 31سالہ میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع سندھنوتی سے تھا جبکہ ان کے ساتھ شہید ہونے والے 36سالہ نائیک آزاد اللہ کرک اور 35سالہ لانس نائیک غضنفر عباس لیہ کے رہائشی تھے ۔ علاقے سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ، خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔