ترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق :مریم نواز

ترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق :مریم نواز

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہناہے کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کی ہر عورت کا حق ہے ، دیہی خواتین کی مالی خودمختاری ترجیحات میں شامل ہے ۔

وزیر اعلیٰ کے  دیہی خواتین کیلئے منفرد پروگرام کے تحت دیہات میں مقیم بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی، جنوبی پنجاب میں 11ہزار نادار خواتین کے لئے 2 ارب روپے کا تاریخی پیکیج مختص کیا گیا ہے ۔مریم نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ،راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو میں دیہی خواتین کو بھینسیں اور گائیں مفت ملیں گی۔ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کی دیہی خواتین کو گائے اور بھینسیں دی جائیں گی۔ نادار دیہی خواتین گائے اور بھینسیں پال کر اور دودھ بیچ کر باعزت روزگار کما سکیں گی۔ لائیوسٹاک پراجیکٹ سے اچھی نسل کی گائے ، بھینسیں پال کر دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ 12 اضلاع کی دیہی خواتین لائیو سٹاک پراجیکٹ کے لئے اپلائی کر سکتی ہیں۔

لائیو سٹاک پراجیکٹ سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کا ہدف پورا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے روڈ ایکسیڈنٹ متاثرین کی یاد میں عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان سب کیلئے دعا ئے مغفرت کرتے ہیں جو سڑک حادثات کی وجہ سے جدا ہو گئے ،ان کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں روڈ سیفٹی کو مزید بہتر بنا رہے ہیں تاکہ کسی کے گھر کا چراغ نہ بجھے ، حادثات سے بچاؤ کیلئے 600 سے زائد روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی تیزی سے جاری ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کسان کارڈ کی تعداد 5لاکھ سے بڑھاکر 7لاکھ 50ہزار کر دی۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کسان کارڈ کے لئے پورٹل کے ذریعہ 12لاکھ 89ہزار درخواستیں وصول ہو گئیں،بینک آف پنجاب نے 4لاکھ 87ہزار درخواستیں منظور کر لیں،کسانوں نے 3لاکھ 61ہزار سے زیادہ کارڈ وصول کر لئے ہیں۔ کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 18ارب روپے کی خریداری کر لی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں