غزہ: اسرائیلی بمباری، 90 شہید، 59 لاپتا، نیتن یاہو کی رہائشگاہ پر فلیش بم حملے

غزہ: اسرائیلی بمباری، 90 شہید، 59 لاپتا، نیتن یاہو کی رہائشگاہ پر فلیش بم حملے

غزہ ،بیروت(اے ایف پی، رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فورسز کی غزہ بھر میں رہائشی عمارتوں، خیموں اور راہ چلتے فلسطینیوں پر بمباری ، 24 گھنٹے میں 90 فلسطینی شہید، 59 لاپتا اور 139 زخمی ہوگئے۔۔۔

 بیت لاہیہ میں رہائشی ٹاور پر اسرائیلی فضائی حملے میں 72افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔شہدا میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا، درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے نصیرات ،البریج اور رفح میں بھی متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے ۔شمالی غزہ میں حماس کے حملے میں کیپٹن سمیت 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ۔اسرائیلی فوج کے مطابق تینوں اہلکار بیت لاحیہ میں حماس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے ۔رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک 797 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ۔پوپ فرانسس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی تحقیقات کی جائیں ۔ بین الاقوامی برادری اس پر تحقیق کرے کہ آیا جو اسرائیلی فوج نے غزہ میں کیا ہے وہ فلسطینی عوام کے نسل کشی کے مترادف تو نہیں ؟۔ حماس کی وزرات صحت کے مطابق اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں ابتک کم ازکم 43ہزار 846فلسطینی شہید،1لاکھ 3ہزار 740زخمی ہو چکے ۔ ادھر بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے ترجمان عفیف شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق وہ حزب اللہ کے مرکزی رابطہ افسر اور حسن نصراللہ کے میڈیا امور کے مشیر بھی رہ چکے ۔لبنان کی وزارت صحت نے بتایا اتوار کو بیروت کے وسطی ضلع پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد شہید و زخمی ہوئے ۔ اسرائیلی فوج نے کہا اتوار کو لبنان سے اسرائیلی علاقے حیفا خلیج اور مغربی گلیلی میں داخل ہونے والے تقریباً 20 پروجیکٹائل کی نشاندہی کی گئی، جنہیں فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا ۔دوسری جانب ہفتے کو قیساریہ میں اسرائیلی وزیراعظم کی رہائشگاہ میں 2 فلیش بم پھینکے گئے جو انکے صحن میں گرے تاہم اسوقت نیتن یاہو اور انکی فیملی گھر پر موجود نہیں تھی ۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا تمام سرخ لکیروں کو عبور کیا گیا ہے ، یہ ناقابل یقین ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم جنہیں ایران اور اسکے ایجنٹ قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اندر سے بھی ایسی دھمکیوں کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ رواں برس 22 اکتوبر کو بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائشگاہ پر حزب اللہ کے ڈرونز نے حملہ کیا تاہم وہ اسوقت بھی گھر پر موجود نہیں تھے۔ ادھر نیتن یاہو کے گھر پر حملے کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں