وزیراعظم کا کھربوں کا ٹیکس فراڈ پکڑنے پر ایف بی آر افسر کو 50لاکھ کا انعام

وزیراعظم کا کھربوں کا ٹیکس فراڈ پکڑنے پر ایف بی آر افسر کو 50لاکھ کا انعام

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیرِاعظم شہباز شریف نے ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر افسر کو 50 لاکھ روپے نقد انعام سے نواز دیا۔ کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔۔۔

وزیرِ اعظم نے آفیسر اعجاز حسین کی پذیرائی کرتے ہوئے ان کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔وزیرِاعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی پر انہیں اعزازی شیلڈ پیش کرتے ہوئے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے ایماندار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ، غریب عوام کے ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور سزا دلوانے کیلئے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرے ۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس چوری کیلئے ایک 80 برس کی خاتون کے کوائف کو استعمال کیا گیا، 4 مارچ 2024 کو اعجاز حسین نے ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی نشاندہی کی، ابتدائی طور پر 37 کروڑ منتقل بھی ہوا جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے ، ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔

دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت پبلک پروکیورمنٹ اور گڈ گورننس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا تمام سرکاری اداروں میں شفاف طریقے سے خریداری اور خدمات کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومتی اداروں میں پروکیورمنٹ کے عمل میں شفافیت لانے سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مزید بڑھے گا،سرکاری اداروں میں خریداری اور سروسز کے حصول کے لیے خصوصی پروکیورمنٹ سیل قائم کئے جائیں،وزیراعظم نے پروکیورمنٹ کے عمل میں شکایات کے ازالے کے لیے پروکیورمنٹ ایجنسی سے ہٹ کر کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پپرا میں میرٹ پر باصلاحیت، پیشہ ور اور مطلوبہ تجربہ رکھنے والے ماہرین تعینات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں