احتجاجی کال سے روزانہ190ارب روپے کا نقصان ہوتا:وزیر خزانہ
اسلام آ باد (دنیا نیوز ، آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاج کی کال سے روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے ، لاک ڈائون اور احتجاج کے باعث ٹیکس وصولیوں میں کمی ہوتی ہے ۔
وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا احتجاج کے باعث کاروبار میں رکاوٹ سے برآمدات بھی متاثر ہوتی ہیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے لئے سکیورٹی پر اضافی اخراجات آتے ہیں ۔ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں ہونے والے نقصانات اس کے علاوہ ہیں ۔ آئی ٹی اور ٹیلی کام کی بندش سے سماجی طور پر منفی اثر پڑتا ہے ۔ وزارت خزانہ کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق احتجاج سے جی ڈی پی کو 144ارب کا روزانہ نقصان ہوتا ہے ۔ برآمدات میں کمی سے روزانہ 26 ارب ،براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے سے روزانہ تین ارب روپے نقصان ہوتا ہے ۔ احتجاج کے باعث صوبوں کو زرعی شعبے میں روزانہ26ارب اور صنعتی شعبے میں یومیہ بیس ارب روپے سے زیادہ نقصان ہے ۔
لاہور (نیوز رپورٹر )ملک بھر کے موٹرویز، ہائی ویز ،جی ٹی روڈ بند ہونے سے فضائی صنعت کو بھی 3 روز میں اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ،مسافروں کے بروقت ایئرپورٹ نہ پہنچنے سے متعدد جہاز بہت کم مسافر لیکر بیرون ملک روانہ ہوئے ۔ملک بھر میں حکومت کی جانب سے کنٹینرز لگا کر اہم شہروں کے راستے بند کرنے سے سینکڑوں مسافر بیرون ملک جانے سے رک گئے ۔لاہور ایئرپورٹ آنے والے تمام داخلی وخارجی راستے بند ہونے سے سینکڑوں مسافر بورڈنگ اوقات میں نو شو کیے گئے جس پرٹکٹس بھی ریفنڈ نہ ہونے پر انہیں نقصان اٹھاناپڑا ۔
لاہور سے جدہ ، ٹورنٹو ،دبئی، شارجہ ،مدینہ، بشکیک ،کولمبو ،کراچی ،کوئٹہ، مسقط ،عمان ،دوحہ، استنبول، ابو ظہبی، ملائشیا اور تہران جانے والی پروازوں کے مسافر ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے ۔ 3دن سے راستے بند ہونے پرمسافر خوار ہونے لگے ۔ مسافر لاہور کے داخلی وخارجی راستوں میں پھنس گئے ۔ ایئرپورٹ آنیوالی رنگ روڈ رائیونڈ روڈ شاہدرہ سیالکوٹ موٹروے انٹرچینج بھی 3 روز بندرہا ، راستے بند ہونے پرفضائی مسافروں اور ایئر لائنز کو کروڑوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔بیرون ملک تعلیم کی غرض سے جانیوالے طلبہ بھی راستے بند ہونے پر سفرنہ کرسکے ، طلبہ نے امریکا ، یورپ ،کینیڈا ، ترکی سمیت دیگر ملکوں کی ٹکٹیں خریدیں مگر سفر نہ کر پائے ۔ صرف لاہور کے رہائشی مسافر ہی مال روڈ بھٹہ چوک ڈیفنس آر اے بازار کینٹ سے ہوتے ہوئے ایئرپورٹ پہنچنے میں کامیاب ہوئے ۔