موجودہ صورتحال کا حل نئے الیکشن،سنجیدگی نہ دکھائی تو حالات بے قابو ہوجائینگے :فضل الرحمن
رحیم یارخان،خان پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،دنیا نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا اچھا نہیں، کے پی میں گورنر راج کی آئین میں گنجائش ہے لیکن حالات ساز گار نہیں ،ملک میں موجودہ غیریقینی کی صورتحال کا حل نئے انتخابات ہیں۔
جو کچھ ہو رہا ہے وہ فروری 2024میں ہونے والے الیکشن چوری کرنے کی وجہ سے ہے جس نے حالات میں شدت پیدا کردی ،مسئلے کی اصل بنیاد ووٹ کی چوری ہے ۔ آئین کے تحت شفاف الیکشن کرائے جائیں جس سے ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان پور آمد پر سجادہ نشین درگاہ عالیہ دین پور شریف میاں مسعود سے ملاقات پر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلے امریکی صدر ٹرمپ نہیں کرے گا، حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔ عمران خان کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی، حکومت کے پاس ایک دن بھی چلنے کا جواز نہیں ۔مولانا فضل الرحمن نے جامعہ دارالعلوم عثمانیہ میں پارٹی رہنماومہتمم جامعہ مولانا یوسف ،مولانا فتح اﷲعثمانی کے ہمراہ میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں پُرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی اگر رابطے میں رہے تو اس کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں مگر وہ مستقل رابطے میں نہیں رہتی۔ ہم نے ہمیشہ اعتدال پر مبنی سیاست کی ،ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو ڈی چوک تک جلسے کرنے کی اجازت دی جائے ۔ سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا توملکی حالات کنٹرول سے باہر ہوجائینگے ۔ اس وقت ملک میں کوئی حکومت نہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان بد امنی کا شکار ہیں ، دونوں صوبوں کی حکومتیں غیر سنجیدہ ہیں، وہ سنجیدہ نہیں ہونگی تو مسائل کیسے حل ہوں گے ۔حکومت کہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہو اور پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ان کا بانی جیل سے باہر ہو تو اس سے ملک میں انارکی پھیلے گی، ہم چاہتے ہیں کہ معاملات مذاکرات سے حل ہوں، اگر وہ چاہتے ہیں تو ہم مدد کرنے پر تیار ہیں کیونکہ جب مذاکرات ہوتے ہیں تو راستے کھلتے ہیں۔ ہماری جماعت صوبائی خودمختاری کی حامی ہے اور صوبوں کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبوں کا ہے ،وفاق اور صوبوں میں تمام معاملات اتفاق رائے سے حل ہونے چاہئیں۔ کسی بھی صوبے کو کسی معاملے پر احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ۔ سکھر میں بڑا تاریخی جلسہ ہو رہا ہے جو عوام کی رہنمائی کرے گا۔