وزیر اعظم سے گورننس کی بہتری کیلئے نئے ماہرین کی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ،وزیر اعظم سے گورننس کی بہتری کیلئے نئے تعینات شدہ ماہرین نے ملاقات کی ۔
گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ گورننس کی بہتری کیلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی۔عوامی مفاد کے اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے اور تنقیدی جائزے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہونگے .وزیر اعظم نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت اور اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے ۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے ،بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعظم نے شاہ غلام قادر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے ۔پاکستان میں بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر، محمد روح العالم صدیق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔وزیر اعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ کے لیے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔وزیراعظم سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ آئے ۔وزیراعظم کی سردار ایاز صادق سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔