سب کیلئے انصاف یقینی بنائیں گے ،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہادور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سب کے لئے انصاف کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے قانون کے تحت مقدمات کا جلد فیصلہ کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کے ساتھ صبر، احترام اور وقار کے ساتھ پیش آنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عدالتی افسروں کو ہدایت کی کہ وہ ان فریقین پر توجہ دیں جو اپنی شکایات کے ازالے کے لئے عدالتوں میں آتے ہیں،رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے پنجاب کے دور دراز اضلاع کے دورہ کے موقع پر کیا ،انہوں نے کہا عدالتوں کے درمیان مقدمات کی منتقلی کے لئے مقدمات کو غیر ضروری تاخیر یا ذاتی تعصب کے بغیر دوبارہ تفویض کرنے کو یقینی بناتے ہوئے درخواستوں کو شفاف اور موثر طریقے سے نمٹایا جانا چاہئے ، چیف جسٹس کے پنجاب کے دور افتادہ ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے دورہ کے موقع پر ان کے ہمراہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، جج لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید شہباز علی رضوی اور سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار بھی موجود تھے ،چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے ساتھ ساتھ رحیم یار خان اور ملحقہ اضلاع بشمول راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور لودھراں کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جنہوں نے ذاتی طور پر شرکت کی۔ اٹک، میانوالی، خوشاب، جھنگ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان اور بھکر کے اضلاع کے ججز نے آن لائن شمولیت اختیار کی۔ چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ عدلیہ کی توجہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے جہاں جوڈیشل افسر مستعدی سے قانونی چارہ جوئی کے لئے انصاف فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ججوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ روزانہ درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کریں جو عدالتی کارکردگی میں رکاوٹ بنتی ہیں۔چیف جسٹس نے انہیں یقین دلایا کہ ان چیلنجوں کو لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے توسط سے نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کو بڑھانے کے لئے حل کیا جائے گا۔