ریاست کیخلاف مذموم سرگرمیاں،سہولت کاری اور مالی معاونت کرنیوالوں کے خاتمے تک پیچھا کیا جائے گا:آرمی چیف
وانا (دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کیجاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس مو قع پر آرمی چیف نے افسروں اورجوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کا مقابلے کرنے والے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، پاک فوج قوم کی حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ملک میں امن و استحکام کی بحالی یقینی بنائے گی۔ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کیلئے ثابت قدم رہے گی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف افسروں اور جوانوں کے عزم کو سراہا، انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہاکہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی بہادری پورے ملک کو متاثر کرتی ہے ۔آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے خلاف عزم کو دہراتے ہوئے کہاکہ ان کے سہولت کاروں ، مالی امداد دینے والوں اور کارروائیاں کر نے والوں کا تعاقب کرینگے اور انہیں ریاست کے خلاف اپنے مذموم عزائم کی بھاری قیمت چکانا ہوگی ۔ خیال رہے کہ ہفتہ کے روز مکین میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں 16 جوان شہید اور 8 خوارج ہلاک ہوگئے تھے ۔