قائداعظم کے نقش قدم پر چل کر ملک کو ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرینگے:مریم نواز

قائداعظم کے نقش قدم پر چل کر ملک کو ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرینگے:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒکی بے مثال قیادت، غیر متزلزل عزم اور انتھک محنت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ قائداعظم ایسا نظریہ ہیں جو اتحاد، ایمان اور تنظیم کی بنیاد پر ایک عظیم قوم کی تشکیل کا سبق دیتا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے بانی پاکستان کے یومِ ولادت پر پیغام میں کہا قائد کا خواب ایسا پاکستان تھا جہاں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ قائدکا پاکستان امن، محبت اور ترقی کی علامت تھا۔ تمام توانائیاں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے کام کررہی ہیں۔قائداعظم کے وژن کی روشنی میں عوامی بہبود، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ ایسا معاشرہ تشکیل دینے کیلئے پرعزم ہیں جو قائد کے اصولوں کا عملی مظہر ہو۔ملکی ترقی و استحکام کیلئے قائداعظم کے افکار کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ ان شا اللہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرینگے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر میں کرسمس پر آج فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دیاہے ۔

وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت تمام شہروں کے گرجا گھروں میں پولیس ودیگر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری بڑھانے اورکرسمس تقریبات کے دوران ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے ،سستے بازاروں میں مسیحی برادری کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ دینے کی ہدایت کرتے کہامسیحی برادری کی سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ متعلقہ محکمے گرجا گھرو ں کے ارد گرد صفائی یقینی بنائیں ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباددیتے کہا آپکی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوں، کرسمس امن، محبت اور خدمت کا پیغام دیتا ہے ،پنجاب بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے ،حکومت بہت جلدمینارٹی کارڈکا اجرا کر رہی ہے جس سے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کی مالی معاونت کی جائیگی۔ مسیحی برادری نے ملکی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتی برادری کی قربانیوں اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائینگے جہاں ہر مذہب اور برادری کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہو۔ محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا ہی ہماری اصل طاقت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں