عمران خان ایک ڈیڑھ ماہ میں رہا ہوجائیں گے ، علوی

 عمران خان ایک ڈیڑھ ماہ میں رہا ہوجائیں گے ، علوی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر وتحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے پیشگوئی کی ہے کہ تبدیلی آنے والی ہے ، ستارے حرکت میں آگئے ہیں، ایک ڈیڑھ ماہ میں عمران خان رہا ہوجائیں گے ۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے عارف علوی نے کہا عمر ایوب کو مذاکراتی ٹیم میں ہونا چاہیے تھا، وہ یہاں ہائیکورٹ میں کیسز بھگت رہے تھے ، ہونا تو چاہیے کہ پہلے یہ کیسز واپس لیں، جو کام کے لوگ ہے وہ عدالتوں میں گھوم رہے ہیں۔ بلوچستان سمیت کہیں ایک دھیلے کی سمگلنگ نہیں رکی، کبھی سرحدیں بند کردیتے ہیں کبھی کچھ کردیتے ہیں، ہر ادارہ دبا کر پیسہ بنارہا ہے اور صرف عمران خان جیل میں بیٹھ کر اس امید پر ہے کہ تبدیلی آئے گی۔ایک سوال پر کہا ثالثی وہاں ہوتی ہے جہاں حقیقی اختلافات ہوں، ثالثی وہاں نہیں ہوتی جہاں قبضہ ہو، 26 ویں ترمیم پر صرف اس لیے وقت ضائع کیا گیا کہ یہ چیف جسٹس نہیں چاہیے اور یہ ججز چاہئیں تاکہ ہمارے حق میں فیصلے کرسکیں۔ عمران خان کو جیل میں بند کیا ہوا ہے ، اس کا نام لینے پر پابندی ہے۔

کرکٹ میچ کی کوریج کرنے والے براڈکاسٹرز کو کہا ہوا ہے کہ عمران خان کا نام نشر کیا تو نشریاتی حقوق منسوخ کردیے جائیں گے لیکن کل جنوبی افریقہ میچ کے دوران قیدی نمبر 804 کے زور دار نعرے لگائے گئے ۔عارف علوی نے کہا حکومت کچھ بھی کرلے عمران خان اور عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتی، انکے دن گنے چنے ہیں، میرا مشورہ ہے اب بھی وقت ہے کسی طرح پیچھے ہٹ جائیں، عمران خان کو کسی طرح راضی کریں اور رجیم چینج معاملات کو پوری طرح ریورس کریں۔ یہ نہ ہو عمران خان کو رہا کرکے گھرنظر بند کردیں، عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ اس تجویز پر عمل نہ کریں، ملٹری کورٹ میں سویلین کے ٹرائل چلائیں گے تو دنیا تنقید کرے گی۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا مذاکراتی کمیٹی کا لائحہ عمل پریس ریلیز میں دیکھ لیا ہوگا، ہماری ٹیم نے مطالبات پیش کردیئے ، ہمارے سیاسی اسیران پر غلط کیسز ہیں رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔پشاور ہائیکورٹ نے سابق صدر عارف علوی کی راہداری ضمانت منظور کر لی،راہداری ضمانت کی درخواستوں پر جسٹس اعجاز انور نے سماعت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں